راشد نسیم کا سیرت النبیؐ کانفر نس سے خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 18 جنوری 2016 18:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جنوری۔2016ء)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ حضرت محمدؐ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے لائے ہوئے دین کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں غالب کرنے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگادیں اور بے دین قوتوں کی طرف سے جاری عالمی امن کے خلاف ساز شوں کو ناکام بنادیں ۔ دنیا اس وقت امن کی متلاشی ہے جبکہ اسلام دشمن قوتوں نے اسلام کے پھیلتے ہوئے نور کو روکنے کیلئے دنیا کو بدامنی کی آماجگاہ بنا دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت عالمی طاقتیں اپنا اسلحہ اور گولہ بارود بیچنے کیلئے تہذیبوں کے درمیان نفرتیں پھیلاکر انہیں باہم دست و گریبان کرنے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہیں ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی جھنگی سیداں (اسلام آباد) کے زیر اہتمام سیر ت النبیؐ کا نفر نس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فارو ق خان ،داؤد بٹ اور دیگر بھی مو جو د تھے ۔راشد نسیم نے کہا کہ گزشتہ 68سال سے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے ،سول اور ملٹری حکومتوں میں شامل کرپٹ عناصر نے جی بھر کر ملک کو لوٹا ہے ،ملک میں صرف ایک چیز نے ترقی کی ہے اور وہ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کی نذر ہونے والے کھربوں روپے اگر عوام پر خرچ ہوتے تو ملک میں غربت ،مہنگائی ،جہالت اور بے روز گاری کا خاتمہ ہوچکا ہوتا اور پاکستان خوشحال اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوتااورہمیں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے بھیک مانگنے کی ضرورت پیش نہ آتی مگر کرپٹ ، بدیانت اور بھکاری حکمرانوں نے قومی وقار کو سخت نقصان پہنچایا ہے ۔

اس مو قع پر خطاب کر تے ہو ئے زبیر فارو ق خان نے کہا حضورؐ نے معاشرے کے پسے ہوئے لوگوں کو باعزت شہریوں کا درجہ دیا آج ہم نے سیرت مصطفےٰؐ کو مسجدوں تک محدود کر دیاہے جبکہ اس کی اصل ضرورت ان اسمبلیوں میں ہے جہاں قانون سازی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل صرف دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت حل کرسکتی ہے اورپاکستان اسی وقت خوشحال اور ترقی یافتہ ہوگاجب یہاں اسلامی شریعت اور نظام مصطفےٰؐ کا نفاذ ہوگا۔دریں اثنا نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم 19 جنوری کو اسلامی نظامت تعلیم کے زیر اہتمام منصورہ میں منعقدہ کیریکٹر بلڈنگ ورکشاپ سے خطاب کریں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں