عوامی تحریک کا اصل سرمایہ نوجوان ،پاکستان رائیونڈ برانڈ جمہوریت کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا،میجر(ر) سعید

پنجاب میں سوائن فلو سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ دار نام نہاد وزیراعلی ہیں،وفود سے گفتگو

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 18 جنوری 2016 19:14

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جنوری۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزرمیجر(ر) محمد سعید نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کا اصل سرمایہ نوجوان ہیں جو ڈاکٹر طاہر القادری کا ویژن پورا کرنے کیلئے دن رات جدوجہد کررہے ہیں،نوجوان پارٹی کی ممبر شپ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ عوام خوشحالی کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو سکے، پارٹی ممبر شپ کیلئے وارڈ اور یونین کونسل کی سطح پر ٹارگٹ متعین کر دئیے گئے ہیں جس کیلئے یوتھ کو آگے آنا ہو گا، نوجوان قومی خدمت سمجھ کر پارٹی ممبر شپ مہم میں حصہ لیں۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک یوتھ ونگ کے صدر مظہر علوی کی قیادت میں گلگت بلتستان اور کشمیر سے آئے نوجوانوں کے وفود سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر عابد حسین استوری، چودھری علی رضا، حافظ وقار، شیخ عتیق الرحمن رانا تجمل اور عاصم حسین موجود تھے۔

(جاری ہے)

میجر(ر) محمد سعید نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرول سستا جبکہ یہاں مال بنانے کیلئے عوام کا خون چوسا جارہا ہے، غریب عوام صحت کی بنیادی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے موت کے منہ میں جارہے ہیں پنجاب میں سوائن فلو سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ دار نام نہاد وزیراعلی ہیں،حکمرانوں نے عوامی مفادات کو پس پشت ڈال کر ان منصوبوں پر توجہ دی ہے جن میں کمیشن اور کرپشن زیادہ ہے،بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوامی ذہنی اذیت میں مبتلا تھے اور اب سردی کے موسم میں گیس کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے،انہوں نے کہا کہ شریف برادران کو تمام اختیارات اپنے پاس رکھنے کا شوق ہے۔

اگر بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی امور اور دیگر مسائل کے حل کا اختیارات ہی نہیں دینا تھے تو پھر یہ الیکشن ڈرامہ کیوں کیا گیا؟نام نہاد وزیراعلیٰ شہر کے میئر نہ بنیں اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ حکمران ملک کو ڈاکوؤں کی طرح لوٹ رہے ہیں، خون چوسنے والی جونکیں پاکستان کو لاغر اور کمزور کررہی ہیں اب یہ ملک مزید رائیونڈ برانڈ جمہوریت کا متحمل نہیں ہو سکتا،چور دروازے سے آنے والے حکمران جمہوریت بچانے کیلئے نہیں بلکہ کرپشن کا پیسہ جمع کرنے کیلئے متحد ہوتے ہیں،قومی خزانہ لوٹنے والوں کا اقتدار جلد ختم ہونے والا اور پھر بے رحمانہ احتساب کے بعد ان کا ٹھکانہ جیل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن روکنے کیلئے بڑے بدعنوانوں کا احتساب ناگزیر ہے۔ قومی لٹیروں کو احتساب ضروری ہے۔حکمرانوں کے ہاتھ کرپشن اور بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے انتقام لیا جائیگا۔ عوامی تحریک کی قانونی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔قومی دولت کے لٹیرے جلد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی میٹرو بس اور اورنج ٹرین سے نہیں بلکہ تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں سے آئیگی۔

ن لیگ قبضہ گروپوں کی جماعت ہے ،بوگس منصوبوں پر عوامی دولت لٹائی جارہی ہے،کرپشن کے تحفظ کیلئے اسمبلی کو ڈھال بنایا جارہا ہے۔حکمران مفاد عامہ کی بجائے نقصان عامہ کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کا 11 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کے باوجود صارفین کو ریلیف نہ دینا عوام دشمنی ہے۔چالیس ارب کے نئے ٹیکسوں نے تاجر برادری کی کمر توڑ کررکھ دی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں