پرنسپل جنرل ہسپتال کی دبئی میں عالمی طبی کانفرنس میں شرکت کے بعد وطن واپسی

کانفرنس کے شرکاء نے ڈسٹونیا کے مریضوں کے علاج کے بارے میں پروفیسر خالد محمود کے مقالے کو سراہا

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 18 جنوری 2016 20:04

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 18 جنوری۔2015ء) پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال اور پاکستان میں ڈی بی ایس و ڈسٹونیا طریقہ علاج کے بانی پروفیسر خالد محمود دبئی میں منعقدہ تین روزہ پہلی مڈل ایسٹرن کانفرنس برائے سٹیریو ٹیکٹک اینڈ فنکشنل نیوروسرجری میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں - پروفیسر خالد محمود نے مذکورہ عالمی طبی کانفرنس میں پاکستان میں ڈسٹونیا (Dystonia) کے 19مریضوں کے بذریعہ سرجری علاج کے بارے میں اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا جسے عالمی طبی ماہرین نے بے حد سراہا اور اسے پاکستان میں ڈسٹونیا یعنی پٹھوں کے شدید کھچاؤ کی وجہ سے ہاتھ پاؤں مڑجانے کے مرض کے علاج میں اہم پیش رفت قرار دیا - کانفرنس کے شرکاء نے پروفیسر خالد محمود کی پاکستان میں ڈسٹونیا کے علاج کے بانی کی حیثیت سے بطور فیکلٹی ممبر کانفرنس میں شرکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی اب ڈسٹونیا کے علاج کے حوالے سے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے - پروفیسر خالد محمود نے عالمی طبی کانفرنس میں شرکت کو پاکستان کے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کانفرنسیں امراض اور وباؤں کے علاج کے سلسلے میں اجتماعی عالمی کوششوں کو جلا بخشتی ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں