اینٹوں کے بھٹوں پر بچوں سے مشقت کے خاتمہ کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس قطعاً کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی‘عبداﷲ خان سنبل

جس بھٹہ سے 14 سال کی عمر سے کم کے بچے ملیں گے بھٹہ مالک سمیت دیگر افراد کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی‘کمشنر لاہور ڈیژن

پیر 18 جنوری 2016 21:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ اینٹوں کے بھٹوں پر بچوں سے مشقت کے خاتمہ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس قطعاً کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور جس بھٹہ سے 14 سال کی عمر سے کم کے بچے ملیں گے بھٹہ مالک سمیت دیگر افراد کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی- اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب بھٹوں پر بچوں کی جبری مشقت کی لعنت کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے عزم سے سرشار ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ بچے بھی تعلیم حاصل کریں- ان کو بتایا گیا کہ لاہور ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ایس پیز روزانہ کی بنیاد پر بھٹوں کے دورے کر رہے ہیں اور کئی بھٹہ مالکان کے خلاف ایکشن بھی لیا جا چکا ہے- کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ بچوں سے مشقت لینا ایک ناسور ہے اور ہمارے معاشرے پر بدنما داغ ہے اس لیے تمام ڈی سی او اور ڈی پی اوز اس کے لیے بھرپور اقدامات کرکے اس کے نفاذ کو کامیاب کریں- کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار آج اینٹوں کے بھٹوں پر بچوں کی مشقت کے خاتمہ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں تمام ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی-

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں