عمران خان جانے انجانے میں شہبازشریف کی شاگردی کر رہے ہیں‘زعیم قادری

عوام کی سہولت کے لئے پلوں اور سڑکوں پر تنقید کرنے والے آج شہبازشریف کی تقلید کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں تحریک انصاف کے رہنما چاہیں تو مشورہ اور رہنمائی فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں‘رکن پنجاب اسمبلی

پیر 18 جنوری 2016 22:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء ) پنجاب اسمبلی کے رکن سیدزعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کے لئے بنائے گئے پلوں اور سڑکوں پر تنقید کرنے والے آج شہبازشریف کی تقلید کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ عمران خان جانے انجانے میں شہبازشریف کی شاگردی کر رہے ہیں۔ سیدزعیم حسین قادری نے عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں‘ پلوں اور فلائی اوورز بنانے پر تنقید کرنے والے آج ایک چھوٹے سے منصوبے پر اترا رہے ہیں۔

حالانکہ سڑکیں‘ پل‘ فلائی اوور‘ انڈرپاس اور دیگر تعمیرات عوام کی ضرورت اور سہولت کو مدنظر رکھ کر بنائے جاتے ہیں۔ ان کی تعمیرات پر تنقید بیمار ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔ جو لوگ سڑکیں اور پل بنانے پر تنقید کیا کرتے تھے آج خود یہی کام کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں کیونکہ یہی وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں تحریک انصاف کے رہنما شہبازشریف سے رہنمائی اور مشورہ حاصل کر سکتے ہیں۔

سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ حکومت پنجاب ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیہی سڑکوں کی تعمیرو مرمت کا میگاپراجیکٹ شروع کر چکی ہے جس کے تحت صوبہ بھر کے دیہات میں سڑکوں کی تعمیر‘ مرمت اور کشادگی کی جائے گی۔ جس سے نہ صرف دیہات میں رہنے والے عوام کوآمدورفت میں سہولت ہو گی بلکہ کھیت سے منڈی تک آسان رسائی سے پیداوار کی بہتر قیمت وصول ہو گی اور پھلوں و سبزیوں کا معیار بھی بہتر ہو گا۔ سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی ضروریات کے تحت تعمیرو ترقی کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ پروگرام کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مخالفین بھی اس کی تقلید کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں