پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات ،مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی کی وصولی شروع

بدھ 20 جنوری 2016 11:21

لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء ) پنجاب اور سندھ میں مخصوص بلدیاتی نشستوں پر انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی شروع ہوگئی۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق سندھ میں مخصوص نشستوں پر بلدیاتی انتخاب 8 اور 14 فروری کو ہوں گے اور پنجاب میں پولنگ8 سے15فروری کے درمیان مرحلہ وار کرائی جائیگی۔ شیڈول کے مطابق پنجاب میں یونین کونسلز کی مخصوص نشستوں کیلئے کاغذاتِ نامزدگی 20اور21جنوری کو وصول کئے جائیں گے، جانچ پڑتال23اور24جنوری کو ہو گی،جبکہ پولنگ8 سے15فروری کے درمیان مرحلہ وارکرائی جائیگی، یونین کونسلزکی مخصوص نشستوں کیلئے چیئرمین،وائس چیئرمین اورجنرل کونسلرز ووٹ ڈالیں گے ،مخصوص نشستوں کیانتخابات کیلئے ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں کاغذات کی جانچ پڑتال 22 سے 23 جنوری تک مکمل ہوگی،فیصلوں کے خلاف اپیل کی آخری تاریخ 25 جنوری ہوگی، 27 جنوری تک ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں نمٹادی جائیں گی، دستبرداری کی آخری تاریخ 28 جنوری ہوگی، 8 فروری کو میٹروپولیٹن کارپوریشن، ڈسٹرکٹ کونسل، میونسپل کارپوریشن، اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کی مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوں گے، 14فروری کو یونین کمیٹی، یونین کونسل،ٹاون کمیٹی اور میونسپل کمیٹیوں پر انتخابات ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں