محکمہ ماحولیات کے بورڈ آف سلیکشن سکیل پر سٹاف کی بھرتیوں کی منظوری دے دی

تقرریاں میرٹ کی بنیاد پر کرتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا‘ اس کے تحت 21 ایکسپرٹس اور 8معاون سٹاف کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیاجائے گا‘محکمہ تحفظ ماحولیات کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کے لیے حکمت عملی بنائی جارہی ہے‘ بیگم ذکیہ شاہنواز

بدھ 20 جنوری 2016 17:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے بورڈ آف سلیکشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملٹی لیٹرل انوائرمنٹ ایگریمنٹس اور کلامیٹ چینج کے تحت محکمہ ماحولیات کے قائم کردہ ڈائریکٹوریٹ کے لئے 21ماہرین اور 8افراد پرمشتمل معاون عملہ بھرتی کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بنائے گئے ڈائریکٹوریٹ کے لیے ماہرین کی بھریتوں کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ماحول کی بہتری کے لیے ہمیں ماہرین کی ایک ایسی ٹیم کی ضرورت ہے جو پڑھی لکھی ، تجربہ کار اور پیشہ وارانہ قابلیت و صلاحیت کی حامل ہو۔

اس کے لیے ہمیں نئے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ایکسپرٹس کی ضرورت ہے جو ماحول سے متعلق بروقت فیصلے اور کام کرنے کے متحمل ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد نہ صرف محکمے کی استعداد کار میں مزید اضافہ کرناہے بلکہ ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے تحقیق کے ذریعے مستعد اور فعال انداز سے کام کرنا ہے۔ اس لیے سٹاف کوشروع میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا اور اس کے بعد ان کی سالانہ پراگرس رپورٹ کو دیکھتے ہوئے بورڈ آف سلیکشن کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کنٹریکٹ کی معیاد میں اضافے کا فیصلہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تجربے کرنے کا وقت نہیں اس لیے ریسرچ کے لیے صحیح کام کرنے اور خلوص نیت سے محنت کرنیوالوں کو بھرتی کیا جائے جن کا متعلقہ فیلڈ میں باقاعدہ ایک تعلیمی بیک گراؤنڈ ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تقرریوں کا عمل مکمل طور پر شفافیت اور میرٹ پر مبنی ہوتا کہ مطلوبہ اہداف کے حصول میں آسانی ہوسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں