حکومت سرکاری ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ‘ ملک ندیم کامران

محکمہ زکوۃ و عشر کے 225 زکوۃ پیڈ ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے سفارشات تیار کی جا رہی ہیں ‘ صوبائی وزیر زکوۃ و کونسل

بدھ 20 جنوری 2016 21:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر زکوۃ وعشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، محکمہ کے 225 زکوۃ پیڈ سٹاف کو مستقل کرنے کے لئے سفارشات تیار کی جارہی ہیں اور حتمی رپورٹ ملتے ہی وزیراعلی پنجاب سے منظوری حاصل کر لی جائے گی۔انہوں نے یہ بات یہاں صوبائی آڈٹ سٹاف یونین زکوۃ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر یونین کے سرپرست اعلی محمد امیر چوہدری،نو منتخب عہدیداران اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر نے نو منتخب عہدیداران سے کہا کہ وہ معمول کے مطابق تندہی اور جذبے سے کام جاری رکھیں اور ان کے ہر جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ زکوۃ وعشر مستحقین کی فلاح وبہبود کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہا ہے اور اس ضمن میں محکمہ میں انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فنی تربیت حاصل کرنے والے 209 طلبا وطالبات کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے 50 ہزار روپے فی کس امدادی رقوم دی جا چکی ہیں تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر اپنے خاندانوں کی کفالت کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مستحقین کی مستقل بحالی کے لئے ایسے اقدامات کررہا ہے کہ زکوۃ لینے والے زکوۃ دینے والے بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے ان کے دروازے ہر وقت کھلیں ہیں اور وہ بلا جھجک ان کے دفتر آ کر اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں