جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بعد باچا خان یونیورسٹی کے شہداء کیلئے اجتماعی دعا

افغانستان میں بھارتی سفارتخانہ پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی سرپرستی کررہاہے ،حافظ محمد ادریس

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 22 جنوری 2016 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 جنوری۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بعد چار سدہ سانحہ کے شہد اء کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی قبل ازیں انہوں نے جمعہ کے خطاب میں کہا کہ ہمارے پھولوں کو مسل دیا گیا ہے ،چار سدہ واقعہ میں بھارت کی پشت پناہی سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا۔

افغانستان میں بھارتی سفارتخانہ پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کا پروموٹر بنا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں معصوم مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے مگر عالمی استعمار ی قوتیں اس قتل عام کا الزام بھی مسلمانوں پر تھوپ کر اسلام کو بدنام کررہی ہیں ،جبکہ مسلم دنیا کے حکمران اپنے عوام کو جان و مال کا تحفظ دینے کی بجائے دشمن کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ امت کو نااہل اور بزدل حکمرانوں کی وجہ سے آج یہ دن دیکھنا پڑے ہیں ۔حکمران دشمن کو خوش کرنے کیلئے اس کی مرضی کے بیانات دے رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ امت آج جس پستی کا شکار ہے اس سے نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ اخلاص کے ساتھ اﷲ کی طرف رجوع کیا جائے اورشریعت کے نفاذ میں کسی عالمی دباؤکو قبول نہ کیا جائے ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ پاکستان کو جان بوجھ کر اغیار کی غلامی پر مجبور کیا جارہا ہے ،پاکستان کی دولت لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کروادی گئی ہے اور ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 6سو ارب ڈالر سوئٹزر لینڈ اور یورپی بنکوں میں پڑے ہیں لیکن حکمران آئے روز آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے قرضے لیکر قوم کو صیہونی اداروں کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک و قوم کو مصائب و مشکلات سے نکالنے اور تبدیلی لانے کی منظم جدوجہد کررہی ہے ،ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں دیانتدار قیادت اقتدار میں آجائے تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں