تحریک انصاف کو کمزور کرنے کی خواہشیں ناکام ہوں گی : علیم خاں

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 22 جنوری 2016 20:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 22 جنوری۔2015ء ) تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن اور پارٹی ممبر شپ کیلئے اہم رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس شروع ہو گئے ہیں جن میں پارٹی کارکنوں کو نئے طریقہ کار کے مطابق زیادہ سے زیادہ ممبر بنانے اور پارٹی کی ممبر شپ میں اضافے کیلئے ضروری ہدایات دی جا رہی ہیں اس ضمن میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی انتخابات کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت سے خائف ہونے والوں اور تحریک انصاف کو کمزور کرنے کی خواہشیں ناکام ہوں گی ،پارٹی کی مضبوطی ہر کارکن کی ترجیح ہے اور انشا ء اﷲ ملک گیر تبدیلی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے پی ٹی آئی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان نے ملک و قوم کو نیا سیاسی شعور اور ایسا غیر روائتی کلچر دیا ہے جس سے موروثی اور خاندانی سیاست کو خطرہ لاحق ہو چکا ہے اور وہ منفی پراپیگنڈہ کے ذریعے پی ٹی آئی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تحریک انصاف سے وابستہ ہے اور انشا ء اﷲ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی ہی کامیاب ہو گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم پی اے محمد شعیب صدیقی ، میاں اسلم اقبال ،جمشید اقبال چیمہ ،میاں حامد معراج ،سردار کامل عمر اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن اپنی نوعیت آپ کی سیاسی سرگرمی ہے جس کا نواز لیگ یا پیپلز پارٹی تصور بھی نہیں کر سکتی انہوں نے پارٹی کارکنوں کو یونین کونسل کی سطح پر متحرک ہو کر پارٹی ممبر شپ میں اضافے کی ہدایت کی ،اس موقع پر حافظ فرحت عباس ،یامین ٹیپو ،خواجہ جمشید امام ،فرخ جاوید مون اور شیخ عامر بھی موجود تھے۔اور اجلاس میں خصوصی طور پر باچا خان یونیورسٹی اور اے پی ایس سکول کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں