سنی اتحاد کونسل پاکستان کے زیر اہتمام ملک گیر یوم مذمت دہشتگردی منایا گیا

افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپ بنے ہوئے ہیں، بھارت دہشتگردوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے‘صاحبزادہ حامدر ضا

جمعہ 22 جنوری 2016 20:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے زیر اہتمام سانحہ چارسدہ کے خلاف ملک گیر یوم مذمت دہشتگردی منایا گیااس سلسلہ میں جمعہ کے اجتماعات میں سانحہ چارسدہ کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی گئیں اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا جبکہ علماء اہلسنّت نے دہشتگردی ، انتہا پسندی ، تکفیریت اور خارجیت کے خلاف خطبات جمعہ دیئے۔

اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں ملائیشیا سے ٹیلی فو نک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی کمر توڑنے کا حکومتی دعویٰ غلط ہے۔ پاک افعان سرحد سیل اور دہشتگردوں کی فنڈنگ روکی جائے۔ افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپ بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت دہشتگردوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے۔

خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھارت اور افعانستان کو پاکستان کا ساتھ دینا ہو گا۔ سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں ِجمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں افغان سموں کا استعمال روکا جائے۔ تحریک طالبان پاکستان کو را پال رہی ہے۔ دنیا بھر کے تمام ممالک دہشتگردی کو ریاستی طاقت بنانے سے اجتناب کریں۔

پاکستان میں سیکیورٹی صرف وی آئی پیز کو حاصل ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین سید جواد الحسن کاظمی نے پشاور میں جمہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور افغانستان نے پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے گٹھ جوڑ کر لیا ہے۔ قوم حالت جنگ میں ہے اور حکمران حالت بھنگ میں ہیں۔ بھارتی قونصل خانے دہشتگردوں کو ایکسپوٹرز اور پروموٹرز ہیں۔

سنی اتحاد کونسل بلوچستان کے صدر مولانا وزیر القادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ، افغانستان اور ہندو ستان دہشتگردوں کے خلاف یکسو ہو جائیں تو دہشتگردی ایک دن میں ختم ہو جائے گی ۔ خطے کے تمام ممالک دہشتگردی کے خاتمے کے معاملہ میں منافقت چھوڑ دیں۔ دہشتگردی عالمی کاروبار بن چکی ہے۔ یوم مذمت دہشتگردی کے موقع پر فیصل آباد میں صاحبزادہ حسن رضا، مفتی محمد رمضان جامی ،چھانگا مانگا میں علامہ ارشد مصطفائی، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی ، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا ، چنیوٹ میں مولانا سیف سیالوی، منڈی بہاؤالدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے اجتماعات سے خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں