معاشی سر گرمیوں کے فروغ کیلئے صوبائی دارالحکومت میں میگا پراجیکٹس کی تعمیر نا گزیر ہیں‘ خواجہ احمد حسان

ہفتہ 23 جنوری 2016 14:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و میئر کے متوقع امیدوار خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ معاشی سر گرمیوں کے فروغ کیلئے صوبائی دارالحکومت میں میگا پراجیکٹس کی تعمیر نا گزیر ہیں،پوری دنیا میں میگا پراجیکٹس کیلئے عوام کو قربانی دینی پڑتی ہے اور انہیں متبادل مقامات پر منتقل کیا جاتا ہے ،میٹرو ٹرین منصوبے کے لئے مجموعی طورپر 1950کنال اراضی ایکوائر کی گئی ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے روزانہ پونے تین لاکھ افراد سفر کی سہولتوں کی مستفید ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے میٹرو ٹرین منصوبے کے متاثرین کے وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ یقینا میٹرو ٹرین منصوبے کی وجہ سے لاہور میں بھی کچھ افراد کو قربانی دینی پڑی ہے لیکن انہیں ان کی جائیدادوں کی قیمت ادا کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جو لوگ احتجاج کر رہے ہیں انہیں صرف یہ شکایت ہے کہ انہیں ادائیگیاں کب ہو ں گی تاکہ وہ متبادل جگہ پرجا سکیں انشا اللہ جب چیک بننے کا سلسلہ شروع ہو گا تو یہ شکایات بھی دور ہو جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت ہونے کی وجہ سے لاہور پنجاب کی بنیاد ہے اور یہاں پر معاشی سر گرمیوں کے فروغ کے لئے میگا پراجیکٹس نا گزیر ہیں ۔اس منصوبے کی تکمیل سے صرف لاہور کے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان سے آنے والے لوگوں کوفائدہ ہوگا ۔ یہ منصوبہ جنوبی لاہور سے ہوتا ہواایک بڑے حصے کو کور کرے گاجس سے کاروبار اورملازمت پیشہ افراد جو گاڑی رکھنا برداشت نہیں کر سکتے انہیں فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا موجودہ حکومت پر اعتماد ہے اور ہم اسے بحال رکھنا چاہتے ہیں،حکومت نے زمین ایکوائر کرنے میں شفافیت سے کام لیا ہے جبکہ اس کے برعکس ماضی میں منصوبوں کے لئے جس طرح لینڈ ایکوزیشن میں من مرضیاں کی گئیں اور پھر انہیں قیمتیں دی گئیں وہ بھی سب کے سامنے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں