بجلی کے بار بار بڑے بریک ڈاؤن نے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی کمزوریوں کو عیاں کردیا ‘ لاہور چیمبر

ہفتہ 23 جنوری 2016 14:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پاور ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسمیشن سسٹم کی اپ گریڈیشن پر کام کی رفتار تیز کرے تاکہ بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے مسائل سے بچا جاسکے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ بجلی کے بار بار بڑے بریک ڈاؤن نے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی کمزوریوں کو عیاں کردیا ہے ، حالیہ کچھ عرصہ کے دوران بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش نے پورے ملک کو اندھیرے میں ڈبو دیا ، اگر فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو مستقبل میں صورتحال مزید گھمبیر ہونے کا خدشہ ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ حکومت کو حالات کی نزاکت کا پوری طرح احساس ہے اور وہ تواناوی کی پیداوار کے بہت سے منصوبوں پر شب و روز کام کررہی ہے لیکن ساتھ ہی ڈسٹری بیوشن سسٹم کی بہتری کاکام بھی تیزی سے مکمل ہونا چاہیے تاکہ یہ بجلی کی اضافی پیداوار کا بوجھ اٹھاسکے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت پر مزید زور دیا کہ توانائی کی پیداوار کے منصوبوں کو جتنی جلد ہوسکے مکمل کیا جائے تاکہ صنعتی شعبے کی پیداوار بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی تمام شعبوں کے لیے اہم خام مال ہے ، اس کے بغیر ترقی و خوشحالی اور برآمدات کو بڑھانے کا خواب پورا ہونا ممکن نہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں