امریکہ مسلم ممالک کو دہشتگردی کی جنگوں میں جھونک کر ’’صلیبی ایجنڈے‘‘ کی تکمیل اور مفادات کا تحفظ کر رہا ہے‘دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو بے رحم جواب کب دیا جائیگا‘ قوم حکمرانوں سے اس سوال کے جواب کی منتظر ہے

پروفیسر عبدالستار حامد‘ علامہ محمد نعیم بٹ‘ میاں محمود عباس ودیگر مقررین

ہفتہ 23 جنوری 2016 17:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جنوری۔2016ء) 9/11 کے بعد دہشت گردی کی نام نہاد جنگ میں کودنے کا نتیجہ اب تک بھگت رہے ہیں۔ بھارت‘ امریکہ اور افغانستان کا گٹھ جوڑ پاکستان کو عدم استحکام کرنے کی صلیبی سازش ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک افغان سرحد پر فوری باڑ نصب اور متفقہ مربوط‘ مضبوط کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر حافظ عبدالستار حامد امیر پنجاب‘ میاں محمود عباس ناظم اعلیٰ پنجاب‘ علامہ محمد نعیم بٹ‘ مولانا مبشر احمد مدنی‘ حافظ عبدالرزاق ودیگر مقررین نے مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کی اپیل پر جمعہ کے اجتماعات میں دہشت گردوں کے خلاف مذمتی قرار دادیں پیش کرتے ہوئے کیا۔ متفقہ طور پر منظور کی جانے والی قرار دادوں کی روشنی میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

مقررین نے اپنے خطابات میں یہ بھی کہا کہ امریکہ خطے میں ’’بغل میں بم اور ہاتھ میں ڈالر‘‘ والا کھیل کھیل رہا ہے اور مسلم ممالک کو دہشت گردی کی نام نہاد جنگوں میں جھونک کر صلیبی مفادات کا تحفظ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی‘ صوبائی سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں میں رابطوں کا فقدان ہے جس کی وجہ سے دہشت گرد آسانی کے ساتھ اپنے اہداف تک پہنچ رہے ہیں۔ اس لیے سیکورٹی ادارے اپنی خامیوں پر قابو پائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو بے رحم جواب کب دیا جائے گا۔ قوم حکمرانوں سے اس سوال کے جواب کی منتظر ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں