مارچ میں کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی بڑی تحریک شروع کرے گی،موجودہ حالات میں قرآن وسنت کاپیغام عام لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ،میاں مقصود احمد،راشد نسیم ودیگر کاخطاب

ہفتہ 23 جنوری 2016 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جنوری۔2016ء) مفادات کی اس دنیا میں ہمیں اپنے تعلق کو اﷲ اور اس کے رسولؐ کے ساتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی ملک میں اﷲ اور اس کے رسولؐ کے نظام کے نفاذ کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔جماعت اسلامی عوامی رابطہ عوام مہمات کاایک سلسلہ شروع کررہی ہے۔مارچ میں کرپشن کے خلاف ایک بڑی تحریک شروع کی جائے گی۔

سود کے خلاف لوگوں میں شعور بیدار کیاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب کے زیر اہتمام دوروزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرلیاقت بلوچ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنا خود کاجائزہ لیتے ہوئے مستقبل کو مدنظر رکھ کر حکمت عملی وضع کر نی چاہئے۔جماعت اسلامی میں احتساب کا ایک مضبوط نظام موجود ہے۔

(جاری ہے)

آج ہماری تنظیم کی ضرورت ہے کہ اس میں وسعت ہونی چاہئے۔ہمیں خیر کاکلمہ کہنے والوں کوساتھ لے کر چلنا ہوگا۔جماعت اسلامی کی تمام سطح کی قیادت عوام کے ساتھ جڑ کررہے۔لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پرحل کئے جائیں۔خواتین،طلبہ،مزدور،کسان،تاجر،سب پریشان حال ہیں ان کی مشکلات کے حل کے لئے ہمیں آگے بڑھناہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کویہ باور کرائیں کہ جماعت اسلامی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جس پر کرپشن کاکوئی الزام نہیں۔

یہ موروثیت سے پاک حقیقی ترجمان جماعت ہے۔انتخابات کیلئے ہمیں ابھی سے تیاری شروع کرنی چاہئے۔پولنگ اسٹیشنوں کی سطح پر ہماری نمائندگی ہونی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ تنظیم اور تربیت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔خدمت خلق کے ذریعے لوگوں کواپنے قریب لایاجاسکتا ہے۔ملک میں کرپشن کی وجہ سے صنعت وتجارت تباہ،مہنگائی،بے روزگاری میں اضافہ اور لاقانونیت عام ہے۔

5فروری بھرپور انداز میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔کشمیر کے حوالے سے سازشیں ہورہی ہیں۔ہم کشمیریوں کے خون کاسودا نہیں ہونے دیں گے۔قبل ازیں میاں مقصود احمدنے افتتاحی کلمات کہتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان میں اﷲ کے پیغام کوعام کررہی ہے۔اسلامی تحریک ہی ہمارا واحد راستہ جس پر چل کر ہم اپنے مسائل حل کرسکتے ہیں اور دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

آج کی تربیت گاہ کا مقصد اﷲ کے ساتھ تعلق کومضبوط کرنا ہے۔چاہے کسی بھی قسم کے حالات ہوں ہماراایمان ڈگمگانہ نہیں چاہئیں۔ معاشرے میں کسی کوکسی کی فکر نہیں۔یہ اسلامی تحریک کی خوبصورت بات ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ جوڑے ہیں اور اﷲ ہم سے راضی ہے۔راشد نسیم نے منصوبہ عمل2016کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی اس ملک کی صاف ستھری جماعت ہے۔

ہماری جدوجہد اقامت دین کیلئے ہے۔معاشرتی رویوں میں تبدیلی کیلئے ہمیں تعلق باﷲ کومضبوط کرناہوگا۔ہمیں خواتین،طلبہ اور نوجوانوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔شیخ عثمان فاروق نے کہاکہ ہمیں روزانہ کی بنیاد پرایک گھنٹہ جماعت کودینا چاہئے۔لٹریچر کوخرید کر عام کیاجانا چاہئے۔جاوید قصوری نے کہاکہ انفرادی رپورٹ ہفتہ وار مرتب کی جائے۔اپنے علاقوں میں ماہانہ بنیاد پر دعوتی پروگرامات منعقد کرنے چاہئیں۔

بلال قدت بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مارچ میں کرپشن فری پاکستان ہماری بڑی مہم ہوگی۔موجودہ حالات میں قرآن وسنت کاپیغام عام لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ذکر اﷲ مجاہد نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کوجماعت اسلامی کے قریب لایاجائے۔اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان ہماراسلوگن ہے جسے عام کرنے کی ضرورت ہے۔دوروزہ تربیت گاہ سے پروفیسرعطاء جعفری،میاں عبدالشکور،مولانافاروق احمد،چوہدری عزیر لطیف،ڈاکٹرطارق سلیم،پروفیسرعظمت ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں