چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی کی زیر صدارت تحریک انصاف الیکشن کمیشن کا اجلاس

صوبہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی ہونیوالی ممبرشپ کا جائزہ لیا گیا،حائل خامیوں پر بھی بات چیت

ہفتہ 23 جنوری 2016 20:43

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی کی زیرِصدارت انٹر ا پارٹی الیکشن کے حوالے سے چیئرمین سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنرکرنل (ر)اعجازحسین منہاس بھی موجود تھے، اجلاس میں صوبہ پنجاب میں تحریک انصاف کی ہونے والی ممبرشپ کا جائزہ لیا گیااور ممبرشپ میں حائل ہونے والی خامیوں پر بات چیت ہوئی، انہوں نے صوبائی الیکشن کمشنر کرنل (ر) اعجازحسین منہاس سے پورے پنجاب کے اضلاع میں ممبران کو پیش آنے والے تکنیکی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا، انہوں نے پچھلے دو دنوں میں ہونے والی ممبرشپ پر اطمینان کا اظہار کیا اور رجسٹریشن کے عمل کو تسلی بخش قراردیا،انہوں نے کہاکہ ہر ضلع کی سطح پر تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے ضلعی کوآرڈی نیٹرزکو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے ضلع میں زیادہ سے زیادہ ممبرشپ کو یقینی بنائیں ، تسنیم نورانی نے تحریک انصاف کی ممبرشپ ٹریننگ ٹیم سے بھی ملاقات کی اور پنجاب کے تمام اضلاع میں ممبرشپ ٹریننگ کرانے کی ہدایت کی ،پنجاب کے تمام اضلاع میں ممبر شپ ٹریننگ ٹیم ہنگامی بنیادوں پر دورے کرے گی اور ہر ضلع کی سطح پر ٹریننگ کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا ،جس سے تحریک انصاف کی ممبرشپ میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور ممبران کو آنے والی تکنیکی خامیوں کو بھی دور کرنے میں مددملے گی، اس موقع پر کوآرڈی نیٹر الیکشن کمیشن پنجاب شمشاد حسین خان ، ٹریننگ ٹیم کی ہیڈآمنہ صدف اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں