عالمی اداروں کے میٹرو ٹرین منصوبے پر تحفظات کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ‘ مسرت چیمہ

حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں میٹرو ٹرین منصوبہ ہی ان کے سیاسی قلعہ میں دڑاڑ کا باعث بنے گا ‘ خواتین کے وفد سے گفتگو

اتوار 24 جنوری 2016 15:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جنوری۔2016ء)تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عالمی اداروں نے بھی میٹرو ٹرین منصوبے کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دے دیا ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ، حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں میٹرو ٹرین منصوبہ ہی ان کے سیاسی قلعہ میں دڑاڑ کا باعث بنے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جس میں انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔

مسرت چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے انٹرا پارٹی انتخابات کا اعلان اور اسے شفاف بنانے کیلئے عملی اقدامات کر کے تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیاہے ۔انشا اﷲ انٹرا پارٹی انتخابات کے مراحل مکمل ہونے کے بعد ایک طاقت بن کر آئندہ انتخابات کی تیاریاں شروع کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میٹرو منصوبے نے ایک یا دو نہیں سینکڑوں ،ہزاروں خاندانوں کو اپنی چھت اور کاروبار سے محروم کردیا ہے اور متاثرین خون کے آنسو رو رہے ہیں۔

حکومت عام عوام کی جائیدادوں کی اپنی مرضی کی مطابق کوڑیوں کے بھاؤ قیمتیں لگارہی ہے ۔ منصوبے کیلئے تو قبرستانوں کے فنڈز سے اربوں نکال کر کام شروع کر دیا گیاہے لیکن جن لوگوں کو ان کی چھت اور کاروبار سے محروم کیاگیا ہے انہیں تاحال ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ عالمی اداروں نے بھی پنجاب حکومت کے اس اقدا م کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے جو کسی بھی حکومت کے لئے تشویش کاباعث ہونا چاہیے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں