نیوزی لینڈ میں شکست پر افسوس ہے پریشانی نہیں‘ شہریار خان

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 25 جنوری 2016 18:52

نیوزی لینڈ میں شکست پر افسوس ہے پریشانی نہیں‘ شہریار خان

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 جنوری۔2016ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ شہر یار خان نے کہا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے اس لئے انہیں نیوزی لینڈ سے ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست پر افسوس ہے پریشانی نہیں،محمدعامر اچھا کھیل رہا ہے، سلمان اور آصف کے لیے بھی قانونی طور پر کام کریں گے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست پر افسوس ہوا ہے لیکن انہیں اس سے اتنی پریشانی نہیں، کسی بھی ٹیم کو ملک سے باہر ایڈجسٹ ہونے میں تھوڑا وقت لگتا ہے، ہار جیت کھیل کاحصہ ہوتی ہے، شکست سے ٹیم رکتی نہیں بلکہ آگے بڑھتی ہے، ٹیم کے ہارنے کے باوجود شاہد آفریدی کپتان رہیں گے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ محمدعامر اچھا کھیل رہا ہے، جس طرح پی سی بی نے عامر کے لئے قانونی لڑائی لڑی اسی طرح دوسرے کھلاڑیوں کے لئے بھی قانونی جنگ لڑیں، عامر کی طرح سلمان اور آصف کے لیے بھی قانونی طور پر کام کریں گے، سلمان بٹ اور محمد آصف پر بھی محمد عامر کی طرح کوئی پابندی نہیں، یاسر شاہ کے معاملے پر آئی سی سی سے رابطے میں ہیں، اس سلسلے میں پی سی بی کو آئی سی سی سے جو کچھ کہنا تھا وہ کہہ دیا ہے، آئی سی سی نے اس معاملے پر مزید بیان دینے سے روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی میں بگ تھری کے بارے میں شہریار خان نے کہا کہ بگ تھری کے معاملے پر وہ کچھ نہیں کہیں گے، بگ تھری ختم کرنے کی آوازیں کافی جگہ سے آرہی ہیں،اگر اس میں تبدیلی آجائے تو بہتر ہے۔ملک میں ویمن کرکٹ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم نے آج سے 8برس قبل ویمنز کرکٹ کو صفر سے شروع کیا تھا، کرکٹ کے میدان میں ہماری خواتین نے اپنا لوہا منوایا ہے اور اب ویمنز ٹیم کی لڑکیاں بین الاقوامی سطح پر آگئی ہیں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہیں اور ویمنز کرکٹ آگے سے آگے جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں