پنجاب حکومت نے آبی گزرگاہوں میں جہاز رانی کا منصوبہ شروع کرنے کیلئے 300 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ‘یاور زمان

آبی گزرگاہوں میں جہاز رانی کا آغاز کرنے کے لئے تشکیل دی جانے والی کمپنی کو سرکاری قواعد و ضوابط سے آگاہی مہیا کی جائے عوامی بھلائی کے اس منصوبے کو موثر انداز میں شروع کیا جا سکے ‘صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا

پیر 25 جنوری 2016 21:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء ) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے آبی گزرگاہوں میں جہاز رانی کا منصوبہ شروع کرنے کے لئے 300 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں تا کہ مذکورہ منصوبے کے بزنس پلان کو حتمی شکل دے کر عملی کام کا آغاز جلد ممکن ہو سکے۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پراِن لینڈ واٹر ویز ڈویلپمنٹ کمپنی کو آپریشنل کرنے کے حوالے سے قائم کی جانے والی خصوصی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی کیپٹن (ر)سیف انجم، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ عاشق حسین اولکھ ، چیئرمین اِن لینڈ واٹر ویز ڈویلپمنٹ کمپنی نعیم سرفراز کے علاوہ محکمہ قانون، محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا کہ آبی گزرگاہوں میں جہاز رانی کا آغاز کرنے کے لئے تشکیل دی جانے والی کمپنی کو سرکاری قواعد و ضوابط سے آگاہی مہیا کی جائے تاکہ عوامی بھلائی کے اس منصوبے کو موثر انداز میں شروع کیا جا سکے ۔

اس موقع پر انہوں نے سیکرٹری آبپاشی کی سربراہی میں محکمہ خزانہ اور کمپنی کے نمائندگان پر مشتمل سب کمیٹی تشکیل دی جو ایک ہفتے کے اندر کمپنی کے بزنس پلان کا جائزہ لے گی تا کہ جہاز رانی کے منصوبے کو آپریشنل کیا جا سکے ۔ اجلاس میں نیسپاک اور محکمہ آبپاشی کے انجینئرز کی رپورٹ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے اِن لینڈ واٹر ویز ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیئرمین نعیم سرفراز کو پراجیکٹ سائیٹ پر ریذیڈنٹ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کی ہدایت بھی تا کہ کام کی کوالٹی کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں