36اضلاع کے 72منصوبوں کے فنڈز ایک ہی منصوبے میں جھونکنا قابل افسوس ہے‘پیر محمد علی گیلانی

غریب عوام کے جان و مال کی قیمت پر اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ نا قابل قبول ہے ‘چیئرمین ہیومن سیفٹی کمیشن

منگل 26 جنوری 2016 18:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء ) اقوام متحدہ کی رپورٹ پر سول سوسائٹی کے ادارے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ غریب عوام کے جان ومال کی قیمت پر اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ نا قابل قبول ہے ،حکومت ضد اور ہٹ دھرمی کی بجائے حقیقت پسندانہ رویے کا مظاہرہ کرے۔ہیومن سیفٹی کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں چیئرمین پیر محمد علی گیلانی نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے قطع نظر کہیں بھی ایسے منصوبوں کی حوصلہ افزائی نہیں ہونی چاہیے جو ہزاروں عوام الناس کیلئے چھت اورروزگار چھیننے کا باعث بنے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے 36اضلاع کے 72منصوبوں کے فنڈز کو ایک ہی منصوبے میں جھونک دینا افسوسناک امر ہے کسی بھی سیاسی جماعت کو محض عوامی مقبولیت کے میگا منصوبوں کی آڑ میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی جو غریب لوگوں کیلئے باعث مصیبت ہو ۔

(جاری ہے)

پیر محمد علی گیلانی نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں کے بعد اقوام متحدہ کی طرف سے بھی اورنج لائن ٹرین منصوبے پر تحفظات کا اظہار کر دیا گیا ہے اب حکومت کو اپنے رویے پر نظر ثانی کرنی چاہیے اور کم از کم اس پراجیکٹ پر نئے سرے سے عوام کی رائے لینا چاہیے ۔

ہیومن سیفٹی کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کے ناقص تعمیراتی انتظامات اور انسانی جانوں کے ضیاع پر بھی تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ مروجہ حفاظتی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور غفلت اور کوتاہی کے مرتکب اداروں اور عہدیدارا ن کے خلاف سخت تاد یبی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔پیر محمد علی گیلانی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایک ہفتے کے اندر اورنج لائن منصوبے کو بند کرنے کا اعلان نہ کیا تو دوبارہ اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں