اورنج لائن میٹرین منصوبے کے متاثرین کا سمن آباد کے علاقے میں دھرنا دیکر شدید احتجاج ،علامتی جنازہ بھی نکالا

بدھ 27 جنوری 2016 13:42

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) اورنج لائن میٹرین منصوبے کے متاثرین نے سمن آباد کے علاقے میں دھرنا دے کر شدید احتجاج کیا اور منصوبے کا علامتی جنازہ نکالا ، مشتعل مظاہرین نے منصوبے کے لئے نشان زدہ مقامات پر لگائی گئی لوہے کی شیٹس اکھاڑ دیں اور ٹائروں کو آگ جلا کر ٹریفک کا نظام بھی معطل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سمن آباد کے مکینوں اور تاجروں نے منصوبے کیوجہ سے گھر او ر دکانیں خالی کرانے کے خلاف سمن آبادچوک میں دھرنا دے کر شدید احتجاج کیا۔

دھرنے میں شریک خواتین کا روتے ہوئے کہنا تھاکہ حکومت صرف اپنی مشہوری کے لئے غریبوں کو چھت اور کاروبار سے محروم کر رہی ہے ۔ حکومت کی طرف سے جتنا معاوضہ دیا جارہا ہے اس سے کسی دوسری جگہ جا کر ایک کمرے کی چھت بھی نہیں بن سکتی ۔

(جاری ہے)

حکومت اپنی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے غریبوں کو چھت اور کاروبار سے محروم نہ کرے ۔ اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے ٹائرو ں کو آگ لگا کر حکومت اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے منصوبے کا علامتی جنازہ بھی نکالا ۔

مشتعل مظاہرین نے منصوبے کے لئے نشان زدہ مقامات پر لگائی گئی لوہے کی شیٹس اکھاڑ دیں اور پتھراؤ بھی کیا ۔اطلاع ملنے پر ڈائریکٹر ایل ڈی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی جنہوں نے مظاہرین کے چھ رکنی وفد کو مذاکرات کے لئے آمادہ کر لیا ۔ وفد کا کہنا تھاکہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو دوبارہ دھرنا دیا جائے گا اور یہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمارے مطالبا ت تسلیم نہیں کر لئے جاتے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں