جماعت اسلامی کا 29جنوری تا 5فروری ’’ہفتہ یکجہتی کشمیر ‘‘ منانے کا اعلان

29جنوری کو جمعہ میں ملک بھر کے خطباء و آئمہ کرام اپنے خطبات میں کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کریں گے‘ سراج الحق

بدھ 27 جنوری 2016 18:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی ہدایت پر جماعت اسلامی نے 29جنوری تا5فروری ملک بھر میں ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں 29جنوری کو جمعہ میں ملک بھر کے خطباء و آئمہ کرام اپنے خطبات میں کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کریں گے اور کشمیر کی آزادی کیلئے مساجد میں دعائیں کی جائیں گی ۔

30جنوری تا 2فروری مسئلہ کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنسز،سیمینارز اور مذاکرے منعقد کئے جائیں گے اور شہدائے کشمیر کے ورثا اور خاندانوں کے ہمراہ مختلف پروگرامات کئے جائیں گے ۔3اور 4فروری کو وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوتھ پاکستان ریلیوں کا انعقاد ہوگا اور 5فروری جمعۃ المبارک کو صوبائی ،ڈویژنل اور ضلعی صدر مقامات پر عوامی ریلیوں کا انعقاد ہوگا جن میں خواتین اور بچوں کی بھرپور شرکت ہو گی،ملک بھر کی دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی یکجہتی ٔ کشمیر کے پروگرامات میں شریک کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہفتہ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے عوامی بیداری کیلئے ملک بھر میں مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور تاریخی پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کیلئے لاکھوں کی تعداد میں ہنڈ بلز اور پمفلٹ شائع کئے جائیں گے اور بینرز آویزاں کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں