پنجا ب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کا جائزہ ٹیسٹ مارچ میں منعقد ہوگا

ایم ڈی بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن عبدالتواب کا پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا دورہ

بدھ 27 جنوری 2016 18:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کی کلاس سوم کے طالب علموں کی تعلیمی قابلیت کا جائزہ لینے کے لیے مارچ میں خصوصی امتحان منعقد ہوگا۔ شفافیت اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنے کی غرض سے یہ امتحان تھرڈ پارٹی کے توسط سے منعقد کیاجائے گا۔ اس امتحان کے انعقاد کا مقصد تعلیمی منصوبوں کی افادیت کا جائزہ لے کر انہیں مزید منظم و نتیجہ خیزبنا نا ہے۔

یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے یہا ں اپنے دفتر میں منعقدہ محکمانہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی ایم ڈی(آپریشنز)طارق رفیق سمیت دیگر افسران نے شر کت کی۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ایم ڈی طارق محمودنے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کے ذریعے بحالی کے منصوبے کے مفید اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد وسائل سے محروم بچوں کی تعلیم تک بلا امتیاز رسائی کو یقینی بنا نا ہے تا کہ یہ بچے علم و ہنر سے آراستہ ہو کر قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ سکول یونیفارم، جوتے، سکول بیگ ، نصابی کتب وکاپیاں اور سٹیشنری آئیٹمز بھی مہیا کی جائیں گے۔اجلاس نے اس امر پر اپنے اطمینان کا اظہارکیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سیکنڈری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو بورڈ رجسٹریشن و امتحانی فیس سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔

اس سہولت سے مستحق طالب علموں کو فائدہ پہنچے گا۔دریں اثناء بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالتواب خان نے آج پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا دورہ کیا ۔ اس موقع ایم ڈی پیف طارق محمود نے انہیں تعلیمی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ چھ ہزار سے زائد پارٹنر سکولوں کے ذریعے 19لاکھمستحق طلباء وطالبات کو میٹرک تک مفت تعلیم مہیاکی جارہی ہے ۔

اس فاؤنڈیشن نے جسمانی معذوری کا شکار بچوں کی تعلیم کے لیے سات منتخب اضلاع میں پائلٹ پروجیکٹ لانچ کرنے کے ساتھ ساتھ بہاولپور ڈویژن کے چولستانی بچوں کے لیے دس موبائل سکول کھول دیے ہیں۔اسی طرح ابتدائے بچپن کی تعلیم کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے۔ ایم ڈی بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن عبدالتواب نے صوبہ پنجاب میں زیر تعلیم بلوچستان کے چھ ہزار طالب علموں کی فیس معافی پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیااور بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی کارکردگی سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں