جنرل ہسپتال میں ڈی بی ایس کی سرجری 9گھنٹے تک جاری رہی

ماہرین نیوروسرجری کی ٹیم نے بغیر کسی وقفے کے اپنا کام مکمل کیا

بدھ 27 جنوری 2016 19:58

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) سال رواں میں ڈی بی ایس کا کامیاب آپریشن، مسلسل نوگھنٹے جاری رہنے والی سرجری کے عمل پر مریض کے لواحقین خوشی سے نہال۔ وزیر اعلی اور معروف نیوروسرجن پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود و ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے رہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ڈی بی ایس اور ڈسٹونیا کے خالق پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی سرپرستی میں بدھ کو لاہور جنرل ہسپتال میں رعشہ اور پارکنسن کے مریض پرویزخان کا آپریشن کیا گیا۔

جدید طریقہ علاج DBS کا آپریشن مسلسل 9گھنٹے تک جاری رہااور ماہرین نیوروسرجری کی ٹیم نے بغیر کسی وقفے کے اپنا کام مکمل کیا۔ جوں ہی آپریشن مکمل کر کے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اور ان کے ساتھی آپریشن تھیٹر سے باہر نکلے تو مریض کے لواحقین نے نہ صرف سکھ کا سانس لیا بلکہ طویل ترین آپریشن کی کامیابی پر نیور و سرجری کے ماہرین کا شکریہ بھی ادا کرتے دکھائی دئیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز خان کے لواحقین نے قرار دیا کہ ایل جی ایچ میں ڈی بی ایس کے ذریعے سرجری کا عمل شروع کروانے پر وہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے مشکور ہیں بلا شبہ انہوں نے یہ اقدام اٹھا کر انسانیت کی خدمت کی ہے۔میاں شہباز شریف حکومت کی صحت کے حوالے سے بنائی جانے والی پالیسیاں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ترجیحات کا عکاس ہیں جبکہ ڈی بی ایس کے آپریشن سے جہاں نہ صرف مریض صحت یاب ہو رہے ہیں وہیں پر ملک بھر کے شہریوں کا پاکستانی معا لجین پر اعتماد بھی بڑھ رہا ہے۔اب ہمیں بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں رہی۔ دریں اثناء مریضوں کے لواحقین نے پروفیسر ڈاکٹر خالدمحمود اور ان کی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا اور سبھی کے لئے اﷲ کے حضور دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں