اورنج لائن ٹرین کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے لئے ایوارڈ کا اعلان

معاوضے کی ادائیگی کیلئے جین مندر‘ انجینئرنگ یونیورسٹی اور ٹھوکر نیاز بیگ پر خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے سمن آباد میں مالکان کو تین ہفتے سے اپنی مدد آپ کے تحت دکانیں خالی کرنے کی اپیل کی جا رہی تھی

بدھ 27 جنوری 2016 21:49

اورنج لائن ٹرین کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے لئے ایوارڈ کا اعلان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء ) لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے لئے حاصل کی جانے والی جائیدادوں کا معاوضہ ادا کرنے کے لئے ایوارڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور ان کے مالکان کی طرف سے ملکیتی دستاویزات مہیا کرنے پر انہیں دو روز بعد ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا -شہریوں کو معاوضے کی ادائیگی کے لئے تین مقامات جین مندر‘ انجینئرنگ یونیورسٹی اور ٹھوکر نیاز بیگ پر خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے - جائیدادوں کے ملکیتی ثبوت نہ رکھنے والے افراد کی دستاویزات کی تصدیق کے بعدانہیں بھی معاوضہ ادا کر دیا جائے گا ‘ اس مقصد کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر بورڈآف ریونیو میں ان دستاویزات کی تصدیق کے لئے ہرہفتے دو مرتبہ خصوصی اجلاس منعقد کئے جائیں گے- سمن آباد کے علاقے میں اورنج لائن کے روٹ میں آنے والی دکانوں کے قابضین کو مسلسل تین ہفتے سے یہ اپیل کی جا رہی تھی کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت یہ دکانیں خالی کر دیں اور معاوضہ کے ایوارڈ کے اعلان کے بعد اپنی زمین اور سٹرکچر کی قیمت وصول کر لیں مگر ان کی طرف سے مطلوبہ تعاوان حاصل نہ ہو سکا - گزشتہ روز ان افراد کے ایک وفد کو ایل ڈی اے کے دفتر میں مدعو کر کے انہیں معاوضہ حا صل کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کر دیا گیا -انہیں بتایا گیا کہ ان کے سٹرکچر کا معاوضہ فوری طور پر ادا کیا جائے گا جبکہ زمین کا معاوضہ دستاویزات کی بورڈ آف ریونیو سے تصدیق کے بعد بلا تاخیر ادا کر دیا جائے گا -

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں