پنجاب میں موجود 6 فش سیڈ نرسنگ فارموں کی بہتری و بحالی کا منصوبہ

جمعرات 28 جنوری 2016 13:46

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جنوری۔2016ء ) پنجاب میں موجود 6 فش سیڈ نرسنگ فارموں کی بہتری و بحالی کے منصوبہ پر 109.530 ملین روپے خرچ کئے جارہے ہیں ،اس منصوبہ کی تکمیل سے 22 لاکھ پونگ مچھلی کی اضافی پیداوار حاصل ہوگی ۔ڈائریکٹر جنرل ماہی پروری ڈاکٹر محمدایوب نے یہ بات یہاں اپنے دفتر میں مچھلی کی پیداوار میں اضافے اور فش سیڈ فارمو ں کی بحالی کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر فشریز ایکسٹینشن ڈاکٹر افتخار قریشی،ڈائریکٹر فشریز ریسرچ اینڈ ٹریننگ ڈاکٹر امتیاز ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ایویلیوایشن انصر محمود چٹھہ اور دیگرمتعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر محمد ایوب نے کہاکہ خانیوال میں پیرووال ، سرگودھا میں شاہ پور ، اٹک میں فتح جنگ ، سیالکوٹ میں کوٹلی آرائیاں ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پیر محل اور بہاولپور میں حاصل پور میں واقع فش سیڈ نرسنگ فارمز کو جدید خطوط پر بحال کیاجارہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کے تحت بچہ مچھلی کی پیداوار میں اضافے کے لئے ان نرسری فارموں پر دستیاب زمین پر نئے تالاب تعمیر کئے جائیں گے اور پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے شمسی ٹربائینوں کی تنصیب کی جائے گی جبکہ پانی کے وسائل کو بچانے کے لئے پرانی بوسیدہ واٹر سپلائی پائپ لائنوں کو بھی تبدیل کیاجائے گا ۔ڈاکٹر محمد ایوب نے بتایاکہ اس منصوبے سے 22 لاکھ پونگ مچھلی کی اضافی پیداوار حاصل ہوگی جس سے مچھلی کی پیداوار میں چار سوسے پانچ سو میٹرک ٹن اضافہ ہوگا جو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا ۔

انہو ں نے کہاکہ ان فش سیڈ فارموں کی بحالی سے نجی شعبہ میں فش فارمنگ کو فروغ ملے گا اور ان کی پیداوار میں کئی گنا اضافہ اور سرمایہ کاری کے باعث روزگار کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں