لاہور،مقتول ملک سرور کے بھائی نے ایس ایچ او شاہد گجر،سب انسپکٹر عبد الجبار اور کانسٹیبل رانا اشفاق کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر دیا

جمعرات 28 جنوری 2016 15:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جنوری۔2016ء) رسول پارک نزد سبزہ زار کے رہائشی شہری ملک محمد اسلم نے تھانہ شفیق آباد لاہور کے ایس ایچ او شاہد گجر ، سب انسپکٹر عبدالجباراور ایس ایچ او کے کار خاص کانسٹیبل رانا اشفاق کیخلاف اپنے بھائی ملک سرور کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن کے نام اپنی درخواست میں ملک محمد اسلم نے مذکورہ پولیس اہلکاروں پرالزام عائدکیا ہے کہ ان کا بھائی مقتول ملک محمد سرور جو ہیپاٹائٹس سی کا مریض تھا کو 2دسمبر 2015ء کو پولیس کوئی وجہ بتائے بغیر گھر سے اٹھاکرلے گئی اور اس کیخلاف منشیات کا جعلی مقدمہ درج کردیا۔

پولیس اپنی اس پولیس گردی کے دوران ایک موٹرسائیکل ، چار عدد موبائل ، راڈو گھڑی اور 20ہزار روپے کی نقدی جو گھر میں موجود تھی ساتھ لے گئی ۔

(جاری ہے)

بعدازاں پولیس نے ملک محمد سرور کی دہائی کے عوض 2لاکھ روپے کا مطالبہ کیا لیکن جب پولیس کو رشوت دینے سے انکار کیا تو پولیس نے ملک محمد سرور پر تھانے میں تشدد کرکے اسے جیل بھیج دیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

درخواست دہندہ کے مطابق پولیس اہلکاروں کو باربار باور کرایا گیا کہ ملزم ملک محمد سرور ہیپاٹائٹس کا مریض ہے لیکن پولیس اہلکاروں نے ایک ہی جواب دیا کہ اگرملزم مر گیا تو قتل کا مقدمہ ہم پر ہوگا ہم ایسے کئی مقدمے دیکھ چکے ہیں۔ درخواست دہندہ کے مطابق وہ پولیس کے لی پیسوں کا انتظام تو نہ کرسکے لیکن اپنے بھائی کی لاش گھر لے آئے، درخواست دہندہ نے ڈی آئی جی اپریشن پر واضح کیا کہ اگر انہوں نے پولیس اہلکاروں پر قتل کا مقدمہ درج نہ کیا تو ان کے خاندان کے لوگ قرآن پاک کے حلف پر وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں