سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر قیمت پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کوئی تساہل یا کوتاہی برداشت نہیں کرونگا

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس، صوبے کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 28 جنوری 2016 19:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے نونہالوں کو تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے سازگار ماحول بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے اور سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر قیمت پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد میں کوئی تساہل یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔

(جاری ہے)

متعلقہ وزراء اور حکام اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دیں اوروضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ محکمے اور ادارے فعال اور متحرک کردار ادا کریں۔

سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی موثر مانیٹرنگ ہونی چاہیئے اور اے پلس اور اے کیٹیگری والے تعلیمی اداروں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان کے تحت تمام ضروری اقدامات مکمل ہونے چاہئیں۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ، رانا مشہود احمد، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری، ایم پی اے جہانگیرخانزادہ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز، سی پی اوز، ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز اپنے متعلقہ ڈویژن اور اضلاع سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں