قومی ویمن کرکٹ ٹیم نوجوان ، سینئر کھلاڑیوں کے بہترین کمبی نیشن پر مشتمل ، کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ،عائشہ اشعر

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 29 جنوری 2016 12:40

قومی ویمن کرکٹ ٹیم نوجوان ، سینئر کھلاڑیوں کے بہترین کمبی نیشن پر مشتمل ، کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ،عائشہ اشعر

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 29 جنوری۔2015ء) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر نے کہا ہے کہ قومی ویمن کرکٹ ٹیم بھرپور محنت کررہی ہے اور انشاء اللہ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور انگلینڈکے خلاف سیریز سمیت دیگر اہم ٹورنامنٹس میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیمیں شرکت کررہی ہیں لیکن قومی ٹیم ہر ٹیم کو شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔

کنٹری کلب مریدکے میں ٹریننگ کیمپ کا انعقاد اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدٹورنامنٹ بھی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے اور کھلاڑیوں کو اپنی پرفارمنس بہتر بنانے کا کافی موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ویمن ٹیم کا پہلا ٹارگٹ ورلڈ کپ میں کم ازکم پہلی چار ٹیموں میں جگہ بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے پول میں دنیا کی سخت ویمن ٹیمیں ویسٹ انڈیز ،انگلینڈ ،بھارت اور بنگلہ دیش شامل ہیں لیکن پاکستان کی ٹیم ان تمام ٹیموں کو ماضی میں شکست سے دوچار کرچکی ہے جس کی وجہ سے قومی ویمن ٹیم کا مورال بلند ہے اور انشاء اللہ مذکورہ تمام ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرکے مثبت نتائج حاصل کریں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کی کنڈیشنز میں قومی ٹیم کو کسی قسم کی دقت نہیں ہوگی۔ بھارت کے خلاف میچ کا دباؤ دونوں ٹیموں پر ہوگا لیکن ہماری ٹیم کو میچ کے دباؤ کاسامنا کرنے میں کسی قسم کے مسئلہ کا سامنا نہیں ہوگا ْ ۔ 2015میں قومی ویمن ٹیم نے دنیا کی تقریبا تمام ٹیموں کے خلاف میچز جیتے تاہم دورہ ویسٹ انڈیز زیادہ بہتر نہیں رہا لیکن دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیم نے کا فی کچھ سیکھا ۔

2016میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز ہے اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرے ، دورہ انگلینڈ میں ا نگلینڈ کی ٹیم کو ہرائیں اور اور کھلاڑیوں کی رینکنگ میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ قومی ویمن ٹیم کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ ٹیم ورک ہے اور تمام کھلاڑی متحد ہوکر کھیلتی ہیں۔تمام ویمن کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ اور ٹریننگ کیمپس کے دوران اینٹی ڈوپنگ پر لیکچر دیئے جاتے ہیں اور ہر کھلاڑی ڈوپنگ کے معاملے میں بخوبی آگاہ ہے ۔

عائشہ اشعر نے کہاکہ کنٹری کلب مریدکے میں ویمن کرکٹرز کے ہائی پرفارمنس ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں نے اپنی بیٹنگ ،فیلڈنگ ،بولنگ اور فٹنس کو بہتر بنایا ہے اور بیٹنگ کنسلٹنٹ منظور الہی اور بولنگ کوچ وسیم حیدر کی تعیناتی سے ویمن کرکٹرز کو ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے میں کافی مدد ملی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کی فٹنس پر بہت زیادہ توجہ دی جاتی ہے اور ہر ماہ انہیں فٹنس کو برقرار رکھنے اور اسے بہتر بنانے کے لئے پلان دیا جاتا ہے اور جب فٹنس ٹیسٹ لیا جاتا ہے تو پتہ چل جاتا ہے کہ کھلاڑیوں نے فٹنس پلان پر کتنا عمل کیا ہے ۔

فٹنس کو کھیل میں بہت اہمیت ہے اور کسی بھی کھیل کا کھلاڑی فٹنس کے بغیر پرفارمنس نہیں دکھا سکتا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ویمن ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کے بہترین کمبی نیشن پر مشتمل ہے اور دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔عائشہ اشعر نے کہاکہ ٹی وی پر براہ راست ویمن کرکٹ میچز دکھانے سے ویمن کرکٹ کافی مقبول ہورہی ہے اور کالجوں ،یونیورسٹیوں میں لڑکیاں کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دے رہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں