مخالفین پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے خوفزدہ ہیں، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات تین مرحلوں میں انتہائی پر امن طریقے سے کرائے گئے،اورنج لائن ٹرین کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، پنجاب کے بڑے عوامی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے بعض لوگ اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں خوفزدہ ہیں، عوامی فلاح کے منصوبوں کو ہر حال میں مکمل کریں گے‘صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 29 جنوری 2016 14:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مخالفین پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے خوفزدہ ہیں، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات تین مرحلوں میں انتہائی پر امن طریقے سے کرائے گئے،اورنج لائن ٹرین کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، پنجاب کے بڑے عوامی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے بعض لوگ اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں خوفزدہ ہیں، عوامی فلاح کے منصوبوں کو ہر حال میں مکمل کریں گے۔

وہ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے بلدیاتی انتخابات کرائے گئے، بلدیاتی انتخابات کے دوران انتخابی مہم پرامن انداز میں چلائی گئی، سیکیورٹی اداروں نے انتخابات پر امن بنانے میں بھرپور کردار ادا کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس طویل مدت کے بعد ہو رہا ہے، اجلاس تین ہفتے جاری رہے گا، اورنج لائن ٹرین لاہور کا ایک بڑا منصوبہ ہے،پنجاب کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر مخالفین خوفزدہ ہیں، مخالفین اورنج لائن ٹرین کے حوالے سے بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہے ہیں،دنیا بھر کے ترقی یافتہ شہروں میں میٹرو کی سہولیات موجود ہیں،صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے،پاکستان میں شفافیت کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے بھی تسلیم کیا ہے،کسی بھی بڑے ترقیاتی منصوبے میں ایک روپے کی بھی بدعنوانی پر ہم جوابدہ ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے شفافیت کو اپنا شعار بنا رکھا ہے، آئندہ دو سالوں میں پنجاب کے ہر گاؤں اور قصبے میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کیلئے پرعزم ہیں،سڑکوں کی تعمیر سے دیہی علاقوں میں بھی انقلاب آئے گا، صوبائی حکومت تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،ہر بڑے ترقیاتی منصوبے میں شفافیت کو یقینی بنا رہے ہیں،میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، مثبت رویوں کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں