پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کا جامع منصوبہ لانچ کر دیا

جمعہ 29 جنوری 2016 16:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کا جامع منصوبہ لانچ کر دیا ہے،پارٹنرسکولوں کو چا ہیے کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو داخل کر کے اس منصوبے کو کامیاب بنائیں، حکومتی پالیسی کے مطابق پارٹنرسکولوں میں داخل بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ تمام سہولیا ت مہیا کی جائیں گی۔

یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے یہاں اپنے دفتر میں مزمل اقبال صدیقی کی زیر قیادت پارٹنر سکولوں کے چھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی ایم ڈی طارق رفیق اور پروگرام ڈائریکٹر ز بھی موجود تھے۔وفد سے گفتگو کر تے ہوئے طارق محمو د نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو محکمہ سکول ایجوکیشن کے سکولوں کے ساتھ ساتھ نان فارمل لٹریسی سکولز،ور کرز ویلفےئر بورڈ کے تعلیمی اداروں اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم کی سہولیا ت مہیا کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو نزدیکی نجی سکولوں میں ایجوکیشن ووچر سکیم کے تحت حصول علم کے لیے تعلیمی ووچرز بھی جاری کرے گی اور یہ طالب علم تمام حکومتی سہولیات سے یکساں طور پر مستفید ہوں گے۔اس پروگرام کا مقصد بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو تعلیم کے ذریعے ترقی کے قومی دھارے میں لانا ہے۔ ایم ڈی پیف طارق محمود نے مزید کہا کہ بے وسیلہ گھرانوں کی تعلیم تک رسائی ممکن بنانے میں پارٹنر سکولوں کا کردار انتہائی اہم ہے ۔

یہ سکول تعلیم عام کرکے اہم سماجی خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ پارٹنر سکولوں میں طالب علموں کو تمام تعلیمی سہولیات مہیا ہوں، اس طرح ان کی شخصیت کی مثبت خطوط پر تعمیر ہوگی۔ قبل ازیں ڈپٹی ایم ڈی طارق رفیق نے پارٹنر سکولوں کی بھلائی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر سکول پارٹنرز نے بے وسیلہ بچوں کی تعلیمی معاونت پر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا شکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں