جنرل مشرف سے ڈیل پیپلز پارٹی کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی ہوگی ۔مولانا فضل الرحمن۔۔حکومت نے عدلیہ کے وقار کو پامال کیا‘ عوام عدلیہ کی آزادی اور اس کے وقار کی بحالی کیلئے آگے آئیں‘ جامعہ حفصہ کا مسئلہ خود حکومت کا پیدا کردہ ہے‘ ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 6 مئی 2007 15:51

نوشہرو فیروز (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار06 مئی2007) متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی جنرل مشرف سے ڈیل ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی اور یہ ملکی سلامتی کیلئے خطرناک ہوگی ‘ موجودہ حکومت نے عدلیہ کے وقار کو پامال کیا عوام عدلیہ کی آزادی اور اس کے وقار کی بحالی کیلئے آگے آئیں‘ مجلس عمل آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی‘ جامعہ حفصہ کا مسئلہ خود حکومت کا پیدا کردہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کنڈا کھائی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس دوران مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے جنرل مشرف کے ساتھ ڈیل اس کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی ہوگی اور یہ ملکی سلامتی کیلئے بھی نقصان دہ ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی آمر حکمرانوں سے ڈیل سے ان کے اقتدار کو طول ملے گا۔ ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عدلیہ کے وقار کو پامال کیا ہے اور اب دوسروں کو انصاف فراہم کرنے والا چیف جسٹس خود انصاف مانگ رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی جنرل پرویز مشرف سے ڈیل ملکی سلامتی کے لئے نقصان دہ ہے اور یہ ان کی زندگی کی بہت بڑی غلط ہوگی اس سے آمر حکمرانوں کے اقتدار کو طول ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ عدلیہ کے وقار اور خودمختاری کے لئے آگے آئیں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جامعہ حفصہ کا مسئلہ خود حکومت کا پیدا کردہ ہے اور اس میں حکومت ملوث ہے انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فوج افغانستان‘ عراق اور دنیا بھر میں ناکام ہوئی ہے امریکہ تیزی سے تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن پرویز مشرف امریکہ کی خوشنودی اور حمایت میں سب سے آگے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور بڑی کامیابی حاصل کرے گی اس موقع پر انہوں نے بدر الدین میمن سے ان کے والد مولانا غلام قادر میمن کی وفات پر تعزیت کی اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو‘ مولانا محمد مراد اور مولانا عبدالغفور بھی تھے۔

نوشہرو فیروز میں شائع ہونے والی مزید خبریں