نیک نیتی سے تعاون کیا، صدر زرداری نے سندھ کا حشر کردیا، نواز شریف

جمعہ 8 فروری 2013 18:01

نوشہرو فیروز(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔8فروری۔ 2013ء) مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ پانچ سال میں صدر زرداری نے سندھ کا حشر کردیا، ان سے کہا تھا کہ ملک کو ترقی دیں تو میرا ووٹ آپ کیلئے ہوگا، کراچی میں قاتلوں کو پکڑنے کیلئے سپریم کورٹ کو حکم دینا پڑ رہا ہے، سندھ انتظامیہ اور پولیس ناکام ہوچکی ہے، جو لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ جدی پشتی تھے وہ بھی مایوس ہوچکے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سندھ کے علاقے کنڈیارو میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے سندھ میں ڈاکو راج ختم اور کراچی میں امن قائم کیا، ہمیں پتا نہیں کس بات کی سزا دی گئی، جب میں وزیراعظم تھا تو ہر چوتھا دن سندھ میں گزارتا تھا، ہماری حکومت 2 سال میں ختم کردی گئی، پشاور سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے لاہور تک موٹر وے بنائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال کیا کہ جو دانش اسکول پنجاب میں بنے ہیں وہ سندھ میں کیوں نہیں بنے، جس طرح پنجاب میں طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے گئے سندھ میں ایسا کیوں نہیں کیا گیا؟۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ سندھ میں نہ کسی کو نوکری مل رہی ہے نہ دو وقت کی روٹی، سندھ کے عوام کو کچھ نہیں ملتا، سندھ میں نہ فصلوں کیلئے پانی ہے نہ پینے کیلئے، 5 سال میں صدر زرداری نے سندھ کا حشر کردیا، نیک نیتی کے ساتھ صدر آصف زرداری سے تعاون کیا، میں کہتا ہوں کہ زرداری صاحب پاکستان کو ترقی دیں، میرا ووٹ آپ کیلئے ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں روزانہ 10 افراد قتل ہورہے ہیں، جنوری میں تقریباً 300 لوگ مارے گئے، کراچی میں قاتلوں کو پکڑنے کیلئے سپریم کورٹ کو حکم دینا پڑرہا ہے، جب سپریم کورٹ نے حکم دیا تو دبئی سے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم کو پکڑا گیا، سندھ میں انتظامیہ اور پولیس ناکام ہوچکی۔ سربراہ مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ جو لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ جدی پشتی تھے وہ بھی مایوس ہوچکے ہیں، صدر زرداری سے بہت دھوکے کھائے، وہ مجھ سے وعدے کرکے مکرگئے، کہا کہ قرآن و حدیث نہیں، کیا میں صدر زرداری کی ضمانت دے سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دو تین مہینوں میں دنگل ہونے والا ہے، ملک کی تقدیر پاکستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے، آپ نے صحیح فیصلہ کیا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی، کچھ بھی ہوجائے سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دینگے، نیا بلدیاتی نظام سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ کے دیہی علاقوں کو بھی وہی حقوق ملنے چاہئیں جو شہری علاقوں کو مل رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

نوشہرو فیروز میں شائع ہونے والی مزید خبریں