پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سانگھڑ کی سرکاری اداروں کی نجکاری کیخلاف احتجاجی ریلی

ہفتہ 10 جنوری 2015 13:55

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جنوری 2015ء) پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سانگھڑ کی جانب سے حکومت کے سرکاری اداروں بشمول واپڈا کی نجکاری کے خلاف اور پرائیویٹ چیف ایگزیکٹو تعینات کرنے کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب سانگھڑ پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر احتجاجی ریلی اور مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے زونل چیئرمین شیر محمد نظامانی نے کہا کہ حکومت سرکاری اداروں کی نجکاری کرنے کی کوشش کررہی ہے اور واپڈا اور اس کی کمپنیوں کو پرائیویٹ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا کے محنت کش اپنے مرکزی قائدین عبدالطیف نظامانی اور خورشید احمد کی قیادت میں اس نجکاری کے خلاف سینہ سپر ہوچکے ہیں اور اپنے ادارے کو بچانے کیلئے بھرپور ہڑتال اور مظاہرہ کررہے ہیں اور آخری دم تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واپڈا کے محنت کش کسی بھی حالت میں ادارے اور اس کی کمپنیوں کو بیچنے نہیں دیں گے جبکہ واپڈا کے محنت کش آندھی ہو یا طوفان اپنے کام کو ترجیح دینے میں مصروف عمل ہیں مگر حکومت واپڈا کے محنت کشوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک برتنے میں لگی ہوئی ہے۔

اس موقع پر یونین کے قائدین ڈویژنل سیکریٹری عظمت خان پٹھان‘ جان محمد خاصخیلی‘ ولی محمد ہنگورو‘ عبدالرزاق‘ امیر ملاح‘ اللہ رکھا جٹ ودیگر نے مطالبہ کیا کہ حکومت نے اگر واپڈا کی نجکاری بند نہ کی تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے اور پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا

متعلقہ عنوان :

سانگھڑ میں شائع ہونے والی مزید خبریں