جنرل مشرف سے ڈیل کرنے والی جماعت زوال پذیر ہو جائے گی ، قاضی حسین احمد

اتوار 22 اپریل 2007 20:08

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2007ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر صدر متحدہ مجلس عمل پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ جو بھی پارٹی ہمیں مجلس عمل کو چھوڑ کر جنرل مشرف سے ملے گی یا ڈیل کرے گی وہ زوال پذیر ہوگی عوام اس پارٹی کو رد کر دیں گے ، عوام میں اس کی ساکھ ختم ہو جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں کارکنان کے تربیتی اجتماع سے مدرسہ تفہیم القران پرانا سکھر میں لاہورسے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر اسد اللہ بھٹو ، ڈاکٹر ممتاز میمن ، ممتاز حسین ، حافظ نصراللہ ، حافظ عبدالحفیظ بجارانی اور دیگر بھی موجود تھے ، انہوں نے مزید کہا کہ جنرل مشرف نے ملک کو آئینی وسیاسی بحران میں مبتلا کر دیا ہے ، 73ء کے آئین کی اصل شکل کو بگاڑ کے رکھ دیا ہے اور جو کہ متفقہ آئین تھا اس کی حیثیت ختم کر کے رکھ دی ہے اس وقت ملک خطرات سے دو چار ہے ، جماعت اسلامی ملک وقوم کی سلامتی میں اہم کردار ادا کرے گی اور عوام کو بیدار کرے گی ، جماعت اسلامی کے کارکنان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ میدان عمل میں نکل آئیں ۔

(جاری ہے)

عوام میں حکومت کی پالیسی کے خلاف نفرت پائی جاتی ہے جو بھی پارٹی جنرل مشرف سے ڈیل کرے گی عوام اس کو برداشت نہیں کریں گے ، اب وقت آن پہنچا ہے کہ ملک وقوم کے تحفظ کیلئے عوام کو متحد اور بیدار کیا جائے ، جماعت اسلامی کے کارکنان میدان عمل میں نکل آئیں ، جنرل مشرف کے اقتدار کا سورج جلد غرب ہونے والا ہے ، ملک میں جنرل مشرف کی روشن خیالی اور مغربی تہذیب کو چلنے نہیں دیا جائے گا ، جنرش مفر کی روشن خیالی اور مغربی تہذیب کو بحیرہ عرب میں غرق کر دیں گے ، جنرل مشرف کو اگر مغربی تہذیب پیاری ہے تو وہ امریکہ چلے جائیں ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں