پیپلز پارٹی کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہتے ، گرینڈ الانس ضروری ہے ۔مولانا فضل الرحمان۔۔پیپلز پارٹی نے اگر حکومت سے ڈیل کی تو نقصان میں رہے گی۔ پاکستان میں طالبانائزیشن کی خبریں بے بنیاد ہیں

ہفتہ 5 مئی 2007 11:24

سکھر ( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار05 مئی2007) متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل اور قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی نے حکومت کے ساتھ ڈیل کی تو اسے شدید نقصان پہنچے گا۔ متحدہ مجلس عمل ملک میں گرینڈ الائس بنانا چاہتی ہے پیپلز پارٹی کی اس میں بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ تمام مذہبی جماعتیں ملک میں حقیقی جمہوریت ، آئین اور قانون کی بالادستی اور اسلام کا بول بالا چاہتی ہیں ، پاکستان میں طالبان ازم کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہتے لیکن اگر پیپلز پارٹی نے حکومت سے ڈیل کی تو اسے شدید نقصان پہنچے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک میں گرینڈ الائس بنانا چاہتی ہے اس معاملے میں پیپلز پارٹی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ کوئی ڈیل نہ کرے کیونکہ اس سے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔ ہماری خواہش ہے کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ چلے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ہے ہر سیاسی رہنما پر خود کش حملے ہو رہے ہیں۔

حکومت کو سوچنا چاہیے کہ ایسا کیوں ہو رہ اہے۔ ایسے حالات کو روکنے کیلئے حکومت کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے ملک میں آئین اور قانون کا بول بالا اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور موجودہ حکومت جو اپنے فیصلے عوام پر مسلط کر رہی ہے اس کو روکا جائے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں طالبانائزیشن کے حوالے سے جو باتیں ہو رہی ہیں وہ غلط ہیں تمام مذہبی جماعتیں ملک میں اسلام کا بول بالا چاہتی ہیں ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں