ملکی استحکام سب سے بڑھ کر عزیز ہے، خورشید احمد شاہ

پیر 1 جون 2009 17:15

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جون ۔2009ء) وفاقی وزیر محنت و افرادی قوت سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملکی استحکام و سالمیت سب سے بڑھ کر عزیز ہے، ملک اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، دہشت گردی، مہنگائی، بیروزگاری، تعلیم کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے تاہم حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلیپر فیکٹری سکھر کے برطرف ملازمین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سوات میں کارروائی ملکی مفاد و عوام کے تحفظ کے لئے ہے، پاکستانی عوام کے تحفظ اور ملکی سالمیت کے لئے کوئی مصلحت اختیار نہیں کی جائے گی اور دہشت گردوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا جو بے گناہ معصوم عوام کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات اور خودکش دھماکے قابل مذمت فعل ہیں، ملکی سلامتی کے دشمنوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نقل مکانی کرنے والے متاثرین سوات کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کی بحالی کے لئے حکومت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، فی الوقت انہیں عارضی طور پر ملک کے مختلف حصوں میں رہن سہن اور خوراک کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، متاثرین کی مکمل طور پر آبادکاری کے علاوہ نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا جبکہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے ساتھ رہائشی گھروں کو بھی تعمیر کرایا جائے گا۔

وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے سلیپر فیکٹری سکھر کے برطرف ملازمین کوبحالی کی کوششوں کی یقین دھانی کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیکٹری کو بند نہیں کیا جائے گا اور وہ اس ضمن میں وفاقی وزیر ریلوے سمیت دیگر بااختیار متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بے روزگاروں کو روزگار دینے کی پالیسی پر گامزن ہے اسی لئے سابقہ ادوار میں برطرف کئے گئے ملازمین کو بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطرف ملازمین کو بحال اور کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی عوامی حکومت کا کارنامہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں