پیپلز پارٹی کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے یہ عوامی حکومت ہے اور 5 سالہ مدت پوری کرے گی‘سینیٹراسلام الدین شیخ

اتوار 17 جنوری 2010 14:26

سکھر( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17جنوری۔2010ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ء سینیٹر اسلام الدین شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے یہ عوامی حکومت ہے اور انشاء اللہ حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کرے گی۔حکومت کے خاتمے یا مڈٹرم الیکشن کا خواب دیکھنے والے خوابوں کی دنیا سے باہر نکل آئیں کیونکہ پیپلز پارٹی کو عوام نے بھرپور مینڈیٹ دیا ہے اور پیپلز پارٹی کسی چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آئی بلکہ عوام کے کندھوں پر چڑھ کر اقتدار میں آئی ہے اور عوام حکومت کے خلاف کسی بھی سازشوں کو برداشت نہیں کریں گے، عوام کی خواہش ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پورے کرے اور انشاء اللہ موجودہ حکومت اپنی مدت پورے کرے گی۔

”این این آئی “ سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر اسلام الدین شیخ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور حکومت کے خلاف سازشوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا اور عوام ڈٹ کر ان سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

صدر آصف علی زرداری کی مقبولیت کا گراف ملک بھر میں تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے مخالفین پریشانی کا شکار ہیں ،صدر آصف علی زرداری نے این ایف سی ایوارڈ سمیت ملک کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ ملک کے تمام علاقوں میں آصف علی زرداری کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ہمارا مشورہ ہے کہ جو جماعتیں بلا جواز مخالفت برائے مخالفت کی سیاست کو پروان چڑھارہی ہیں انہیں مثبت سیاست کے ذریعے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک میں جمہوری نظام کو مستحکم بناتے ہوئے ہمیشہ کیلئے آمریت کا راستہ ختم کرے کیونکہ ماضی میں بلاجواز تنقید اور مخالفت برائے مخالفت نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے اس لئے اب اس طرح کے عمل سے گریز کرنا چاہیے کہ جس سے جمہوریت کو خطرے کا اندیشہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ پیپلز پارٹی پر وہ لوگ بھی تنقید کررہے ہیں جن کی قومی اسمبلی میں ایک بھی نشست نہیں ہے، اس لئے پیپلز پارٹی ایسی پارٹی کے سربراہوں کے کسی بیانات کا جواب نہیں دے گی کیونکہ یہ عوامی لوگ نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 18 فروری کے انتخابات میں بھاری مینڈیٹ سے کامیابی حاصل کی، اس کے باوجود پارٹی کے شریک چیئرمین صدر پاکستان آصف علی زرداری نے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کا فیصلہ کیا کیونکہ ہم ملک میں مضبوط اور مستحکم جمہوری نظام چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں