پاکستان کو تباہی سے بچانے کا واحد راستہ انتخابات ہیں، تحریک منہاج القرآن کا منشور ہم سے ملتا جلتا ہے ، طاہر القادری نے اپنے خطاب میں تحریک انصاف کے ویژن کو دوہرایا ،حکمران ٹولہ سے نجات کا واحد حل بروقت اور منصفانہ انتخابات ہیں،عوام اب مزید ان چوروں اورلٹیروں کی حکمرانی برداشت کرنے کو تیار نہیں ،تحریک انصاف کو وڈیروں نہیں مخلص کارکنوں کی ضرورت ہے،الیکشن جیتنے کیلئے بڑے ناموں کی ضرورت نہیں نوجوانوں سے رابط کررہے ہیں، تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی میڈیاسے بات چیت

اتوار 23 دسمبر 2012 22:05

ٹنڈو اللہ یار/ سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23دسمبر۔ 2012ء) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے،ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے واحد راستہ انتخابات ہیں، تحریک منہاج القرآن کا منشور ہم سے ملتا جلتا ہے ، طاہر القادری نے اپنے خطاب میں تحریک انصاف کے قومی معاملات پر مئوقف کے تائید اور ویژن کو دوہرایا ہے،حکمران ٹولہ سے نجات کا واحد حل بروقت اور منصفانہ انتخابات ہیں،عوام اب مزید ان چوروں اورلٹیروں کی حکمرانی برداشت کرنے کو تیار نہیں ۔

وہ اتور کوٹنڈواللہ یاراورسکھرمیں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو وڈیروں نہیں بلکہ مخلص کارکنوں کی ضرورت ہے ۔انتخابات میں کامیابی کیلئے بڑے ناموں کی ضرورت نہیں ہے ،ہم نوجوانوں سے رابطہ کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ ملک میں بہت جلد انقلاب آنے والا ہے،انتخابات ملتوی نہیں ہونے چاہئے،ایسا ہوا تو ملک میں تباہی آئے گی،ملک کو تباہی سے بچانے کا واحد راستہ الیکشن ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابت میں تحریک انصاف کا سونامی سیاسی وڈیروں کے بتوں کو بہا لے جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے طاہرالقادری کامیاب جلسے کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری سے انتخابی اتحاد کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کامنشور تحریک انصاف سے ملتا جلتا ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ علامہ طاہر القادری نے تحریک انصاف کے اس مئوقف کی تائید کی ہے کہ ٹیکس نہ دینے والے اراکین پارلیمنٹ پر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی ہونی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ قادری صاحب نے تحریک انصاف کے اس مئوقف کی بھی تائید کی ہے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان خفیہ سمجھوتہ ہے اور دراصل دونوں سیاسی جماعتیں ایک ہی منصوبہ پر عمل پیرا ہیں کہ قومی خزانہ کو لوٹ کر اپنی جیبیں بھری جائیں اور عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جائے تاکہ وہ غریب ہی رہیں انہوں نے کہا کہ علامہ طاہر القادری نے اپنے خطاب میں تحریک انصاف کے ا س مئوقف کی بھی تائید کی ہے کہ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کی حکمرانی کی وجہ سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے اور عوام اب مزید ان چوروں اورلٹیروں کی حکمرانی برداشت کرنے کو تیار نہیں، عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ اس ٹولہ سے نجات کا واحد حل بروقت اور منصفانہ انتخابات ہیں اور انتخابات ہی کرپٹ حکمرانوں کو شکست دینے کا واحد زریعہ ہیں انہوں اپنے حالیہ عوام رابطہ مہم کے دوران ملک کے دور دراز علاقوں کے دورں کا زکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ پاکستانی عوام اسٹیٹس کو سے تنگ آچکے ہیں اور عام انتخابات تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہونگے جس سے ملک کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے گا ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں