گورنر عشرت العباد ضرور واپس آئیں گے باقی جو بھی فیصلہ ہوگا انکا اپنا ہوگا، ایم کیوایم نے اپوزیشن میں بیٹھنے کی درخواست دی ہے، اپوزیشن لیڈر بنانے میں حق کی بات نہیں قانون اور آئین کی بات ہے ، طریقہ یہی ہے کہ جس پارٹی کی اکثریت ہو اس کا ہی اپوزیشن لیڈر ہوتا ہے ، اسمبلی کا سیشن شروع ہوگا اس کے بعد اسپیکر فیصلہ کریں گے ، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی سکھر ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت

اتوار 24 فروری 2013 21:07

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24فروری۔2013ء) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ گورنر عشرت العباد ضرور واپس آئیں گے باقی جو بھی فیصلہ ہوگا انکا اپنا ہوگا، ابھی ایم کیوایم نے اپوزیشن میں بیٹھنے کی درخواست دی ہے، اپوزیشن لیڈر بنانے میں حق کی بات نہیں ہے قانون اور آئین کی بات ہے ، طریقہ یہی ہے کہ جس پارٹی کی اکثریت ہو اس کا ہی اپوزیشن لیڈر ہوتا ہے ، تاہم اسمبلی کا سیشن شروع ہوگا اس کے بعد اسپیکر فیصلہ کریں گے سکھر ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں کوئی آخری چیز نہیں ہوتی ، ہماری پالیسی واضع ہے کہ ہم مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں،ہماری کسی سے عداوت نہیں ہے ، ہمارے ساتھ جو پارٹیاں ہیں، اس میں ق لیگ کے ساتھ ساتھ اے این پی جو روٹھ گئی تھی اندازہ ہے کہ پیر منگل تک وہ بھی واپس آجائے ، باقی جو پارٹیاں ہیں ان سے بھی بات ہوسکتی ہے ، فنکشنل لیگ سے ممکن ہو ہمارے کچھ ساتھیوں کے رابطے ہوں مگر میرا کوئی رابطہ نہیں ہے ، سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ آرڈینینس ایم کیو ایم اور پیپز پارٹی کی کمیٹی نے بنایا تھا جس میں وکلاء بھی تھے ، میں سمجھتا ہوں اس میں بھی کوئی خرابی نہیں تھی ، تاہم عوام میں اس کا تاثر صحیح نہیں تھا،عوام کے نزدیک یہ تاثر تھا کہ سابقہ نظام سے سندھ کو نقصان تھا، میری ذاتی رائے سے عوام کی رائے کا احترام زیادہ ہونا چاہئے ، سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ آرڈینینس 2012 پر احتجاج ضرور ہوئے تاہم جانیں ضائع نہیں ہوئی ، جمہوری عمل کے سلسلے میں کسی بھی احتجاج کو روکا نہیں ، تاہم جب احتجاج ایسا ہوجائے جو خون خرابے میں بدل جائے اسکو روکنا حکومت کا فرض ہوتا ہے ، پیر مظہر کا بیان اپنی جگہ ، مجھے نہیں معلوم انہوں نے کیا کہا ہے، یونیورسٹی کے حوالے سے ایک پارٹی کی جانب سے تجویز ضرور ہے تاہم اس پر بات بھی ہو سکتی ہے ، لیکن یہ بات بھی ہے کہ وہاں یونیورسٹی موجود ہے ، ہمارے دور میں یونیورسٹیاں بہت بنی ہیں ، ایم اکیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان مک مکا کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مک مکا کا لفظ کہاں سے آیا ہے آپ جانتے ہں ،مک مکا کے لفظ اصل کے معنی ہم نہیں جانتے ، یہ لفظ سندھ کے باہر سے آٰیا ہے ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں