مسلم لیگ (ن) کے حلقہ این اے 199پنوعاقل سے نامزد امیدوار سرور لطیف کے کاغذات نامزدگی منظور

جمعرات 4 اپریل 2013 20:12

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4اپریل۔ 2013ء) مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 199پنوعاقل سے نامزد امیدوار ضلع سکھر کے صدر سرور لطیف کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر نے اسکروٹنی کے بعد منظور کرلیے۔ سرور لطیف نے پی پی کے نامزد رہنما سید خورشید شاہ کے مقابلے میں فتح حاصل کرنے کیلئے 15اپریل سے مہم شروع کرنیکا اعلان کردیا۔

جمعرات کو این اے 199کے نامزد امیدوار سرور لطیف اور پی ایس 3کے نامزد عاشق علی عباسی متعلقہ ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچے، جہاں ریٹرننگ افسر نے مختلف سوالات کیے اور جوابات سے مطمئن ہونے کے بعد سرور لطیف اور عاشق علی عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے حلقہ این اے 199سے ن لیگ کے پلیٹ فارم سے انتخاب لڑنیوالے سرور لطیف نے کہاکہ ہمیں عباسی اور کلہوڑو برادری کی مکمل حمایت حاصل ہے جبکہ دیگر برادریوں سمیت سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے، خورشید شاہ کے مقابلے میں یقینی فتح حاصل کرنے کیلئے انتخابی مہم 15اپریل سے شروع کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے نئے ریکارڈ بنانے والوں کے احتساب کا وقت آگیا ہے، 11مئی کو عوام ملک بھر سے ن لیگ کے امیدواروں کو کامیاب بناکر اس بات کا ثبوت دینگے کہ وہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ سابقہ حکمرانوں نے لوٹ مار اور کرپشن کے اگلے و پچھلے ریکارڈ توڑ کر عوام کو مہنگائی، بیروزگاری، دہشتگردی، غربت، بدامنی اور بجلی، گیس و پانی کے بحرانوں کے سوا کچھ نہیں، اس مرتبہ عوام لٹیروں کو مسترد کردینگے اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑیگا۔

اس موقع پر سرور لطیف کے ہمراہ صوبائی جوائنٹ سیکریٹری شہزادو بھٹو، عاشق عباسی، یامین عباسی، پیر ولی اللہ، خیر محمد کلوڑ، پریل چاچڑ، کریم داد، فضل قادر، یونس راجپوت، عظیم عباسی سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں