پنجاب ، سندھ میں تباہی کے بعد سیلاب کا زور ٹوٹ گیا، ریلا سمندر کی طرف رواں دواں

پیر 22 ستمبر 2014 12:52

پنجاب ، سندھ میں تباہی کے بعد سیلاب کا زور ٹوٹ گیا، ریلا سمندر کی طرف رواں دواں

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر 2014ء) پنجاب اور سندھ میں تباہی و بر بادی کی داستانیں رقم کرنے کے بعد بحیرہ عرب کی جانب بڑھتے سیلابی ریلے کا زور ٹوٹ گیا ہے، دریائے سندھ میں گدو بیراج پر پانی کا بہاؤ نارمل ہو گیا جبکہ سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ گھوٹکی سمیت متاثرہ علاقوں میں متاثرین نے اجڑے آشیانوں کی طرف نئی امید کے ساتھ واپسی شروع کر دی ہے ۔

سیلابی ریلے پنجاب اور سندھ میں گھر ، دیہات ، فصلوں ، مال مویشی اور زندگیوں کا خراج لے کر بحیرہ عرب کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔ تباہی و بربادی کی داستانیں رقم کرنے والے سیلابی ریلوں کا غصہ اب ٹھنڈا ہوتا نظر آ رہا ہے ۔ گدو بیراج میں پانی کا بہاؤ اس وقت نارمل ہے جہاں پانی کی آمد ایک لاکھ پچانوے ہزار نو سو سینتیس جبکہ اخراج ایک لاکھ تہتر ہزار پانچ سو تین کیوسک ہے ۔

(جاری ہے)

سکھر بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد دو لاکھ پچپن ہزار چھ سو ساٹھ اور پانی کا اخراج دو لاکھ تین ہزار چھ سو کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔ گھوٹکی سمیت کچے کے علاقے میں سیلاب متاثرین اب ایک نئی امید اور آس کے ساتھ اجڑے آشیانوں کو پھر سے بسانے لوٹ آئے ہیں ۔ مظفرگڑھ ، ملتان اور علی پور سمیت جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں بھی سیلابی پانی بتدریج کم ہو رہا ہے تاہم متاثرین کی مشکلات ابھی تک برقرار ہیں ۔ اکثر متاثرہ علاقوں میں لوگوں نے زندگی کو پھر سے ٹریک پر لانے کی کوششیں بھی شروع کر دی ہیں ، کوئی اپنی مدد آپ کے تحت سر چھپانے کا ٹھکانہ کر رہا ہے کو ئی برباد کھیتی آباد کرنے کی فکر میں ہے ، بہت سے ایسے بھی ہیں جو ابھی تک امداد کی راہ تک رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں