ایکسائز پولیس روہڑی کی اہم کامیابی، ہزاروں لیٹر کچی شراب وصول کرنے والا اہم ملزم گرفتار

منگل 25 نومبر 2014 18:14

سکھر (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) ایکسائز پولیس روہڑی کی اہم کامیابی، لاہور سے کراچی بھجوائی گئی ہزاروں لیٹر کچی شراب وصول کرنے والا اہم ملزم گرفتار، عدالت کی جانب سے گرفتار ملزم کو جیل بھجوانے کا حکم، کچی شراب کی اسمگلنگ میں ملوث 8افراد پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں، پنجاب اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مزید 6ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے ایکسائز انسپکٹر نجیب الرحمٰن ڈومکی کی قیادت میں ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایکسائزپولیس روہڑی نے انسپکٹر نجیب الرحمٰن ڈومکی کی قیادت میں ایک ماہ کے دوران مختلف کاروائیوں میں لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں سے کراچی اسمگل کی جانے والی30ہزار لیٹر شراب برآمد کرچکی ہے، جبکہ اسی دوران 19اکتوبر کو لاہور سے کراچی اسمگل کی جانے والی14ہزار 4سو لیٹر شراب پکڑنے کے ساتھ ساتھ اسمگلنگ میں ملوث ٹرک اور ڈرائیور سمیت 8افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا، جس کے بعد مذکورہ ایکسائز انسپکٹر نے تحقیقات کے دائرے کو بڑھاتے ہوئے کراچی میں کچی شراب وصول کرنے والے گروہ کے اہم ملزم ظفر شیخ کو بھی گزشتہ روز ایک منظم کاروائی کے دوران کراچی سے گرفتار کرلیا تھا، جس کو فرسٹ سول جج روہڑی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے عدالت کے حکم پر مذکورہ ملزم کو جیل بھجوادیا گیا۔

(جاری ہے)

اس طرح کچی شراب کی اسمگلنگ میں ملوث اب تک 9افراد کو ایکسائز پولیس روہڑی گرفتار کرچکی ہے، جبکہ لاہور اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے وہ افراد جو کچی شراب تیار کرکے کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں بھجواتے تھے ان 6افراد کی گرفتاری کے لئے بھی ایکسائز انسپکٹر نجیب الرحمٰن ڈومکی کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو خفیہ طریقے سے ملزمان کی نگرانی میں مصروف ہے جن کی گرفتاری آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

واضع رہے کہ کراچی اور اندرون سندھ گزشتہ چند ماہ کے دوران پے درپے کچی شراب پینے کے واقعات کے دوران بڑی تعداد میں افراد کی ہلاکت کا سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر ایکسائز اور دیگر اہم افراد کو اپنے عہدوں سے ہٹادیا تھا تاہم جب سے ایکسائز پولیس روہڑی نے کراچی کی جانب جانے والی کچی شراب کی اسمگلنگ کو روکا ہے اس کے بعد اب اس طرح کے واقعات رونما ہونا بھی بند ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں