اسپیشل اکنامک زون عوام کیلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گا ،محمد عباس بلوچ،

زون سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی اور زراعت کے فروغ میں بھی سنگ میل ثابت ہوگا ،کمشنر سکھر ڈویژن

جمعرات 15 جنوری 2015 23:15

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ خیرپور اسپیشل اکنامک زون ضلع خیرپور کے عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گا جس سے نہ صرف بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ زراعت کے فروغ میں بھی سنگ میل ثابت ہوگا خیرپور اکنامک زون میں بڑی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے جن کو زون میں تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ سرمایہ کاروں کو کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں خیرپور اکنامک زون کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا کہ سرمایہ کارکمپنیاں جلد تعمیراتی کام شروع کریں جس کے لیے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اکنامک زون کے لیے سیپکو سے 5 میگا واٹ بجلی کی ڈیمانڈ کی ہے اور 15 دن کے اندر بجلی کا کنکشن لگایا جائے گا اس سلسلے میں سیپکو کو پابند کیا جائے گا کہ وہ زون میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کریں تاکہ سرمایہ کارکمپنیوں کو کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ پانی کی فراہمی کے لیے بھی بہترانتظام کیا جائے گا کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے مزید کہا کہ خیرپور اکنامک زون میں کجھور سے وابستہ صنعتوں کے علاوہ جوس،ادویہ اور دیگر چیزیں بنانے والی کمپنیوں نے رابطہ کیا ہے اور درخواستیں بھی دیں ہیں جس کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں اور جلد ان کوپلاٹ کی الاٹمنٹ دی جائے گی جن کمپنیوں کو پلاٹ الاٹ کیے گئے ہیں وہ بقایاجات جلد از جلد جمع کرائیں اس سلسلے میں کوئی بھی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی انہوں نے سرمایہ کار کمپنیوں سے کہا کہ وہ اپنا کام شروع کریں تاکہ دیگر کمپنیوں کو بھی موقع فراہم ہوسکے اجلاس میں چیئرمین خیرپور اکنامک زون نثار احمد صدیقی،اے سی شاہزیب حسنین،اکنامک زون کے متعلقہ افسران اور سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں