ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ علاقوں میں شجرکاری مہم کی نگرانی کریں ، ڈپٹی کمشنر سکھر

بدھ 25 فروری 2015 21:18

سکھر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) ڈپٹی کمشنر سکھر شہزاد فضل عباسی نے کہا ہے کہ سکھر ضلع کے ہر تعلقے میں عوامی مقامات ، سڑکوں و راستوں کے اطراف،نہروں کے پشتوں، پارکوں، واکنگ ٹریکس اور دیگر مقامات پر شجرکاری کی جائے تاکہ عوام کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک صاف اور خوشگوار ماحول فراہم ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے شجر کاری اور صفائی مہم کی ہدایات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں طلب کیے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

شہزاد فضل عباسی نے کہاکہ ہر تعلقے میں ایک ایک لاکھ پودے لگائے جائیں انہوں نے تمام ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں قومی شاہراہوں و عام شاہراہوں کے اطراف، نہروں کے پشتوں ،عوامی پارکوں اور دیگر مقامات پر شجرکاری مہم کو عملی جامہ پہنائیں اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ علاقوں میں شجر کاری مہم اور صفائی کی نگرانی کریں اس کے علاوہ تمام محکموں کے آفسز ، کالجز، اسکولزمیں بھی شجرکاری کی جائے اور ایک ہفتے میں شجرکاری مہم کی مفصل رپورٹ فراہم کی جائے اجلاس میں ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر نے بتایا کہ سکھر ضلع میں 4 لاکھ مختلف قسم کے پودے موجود ہیں جن میں ٹری پلانٹس اور آرنامینٹس پلانٹس شامل ہیں شجرکاری کے لیے تمام محکموں اور تعلقوں کو ان کی ضرورت کے مطابق پودے فراہم کیے جائیں گے اور اس کے ساتھ ان کو ماہرانہ مشورہ بھی دیے جائیں گے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سکھر نے بتایا کہ سکھر شہر میں عوامی مقامات کے علاوہ سڑکوں اور راستوں کی اطراف ، سرکاری اراضی پر شجرکاری کرکے اس میں گرین بیلٹ بنائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز ،ٹی ایم اوز،محکمہ تعلیم، صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں