ایڈیشنل صوبائی سکریٹری صحت کا سول ہسپتال سکھر و غلام محمد مہر میڈیکل کالج کا اچانک دورہ،

ہسپتال میں داخل مریضوں نے سکریٹری کو دیکھ کر انتظامیہ کی نااہلی سمیت ڈاکٹروں کی عدم توجہی، ادویات کی قلت کی شکایات کے انبار لگادیئے

پیر 9 مارچ 2015 22:21

سکھر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) ایڈیشنل صوبائی سکریٹری صحت کا سول ہسپتال سکھر و غلام محمد مہر میڈیکل کالج کا اچانک دورہ، ہسپتال میں داخل مریضوں نے سکریٹری کو دیکھ کر انتظامیہ کی نااہلی سمیت ڈاکٹروں کی عدم توجہی، ادویات کی قلت کی شکایات کے انبار لگادیئے، ایڈیشنل سکریٹری شکایات پر سول ہسپتال انتظامیہ پر برس پڑے، قبلہ جلد درست کرکے داخل مریضوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے ایڈیشنل سکریٹری احمد علی قریشی نے سول ہسپتال سکھر و غلام محمد مہر میڈیکل کالج کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران ہسپتال میں داخل مریضوں نے ایڈیشنل سکریٹری کو دیکھتے ہی ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی، ڈاکٹروں کی عدم توجہی، ادویات کی قلت کی شکایات کے انبار لگادئے۔

(جاری ہے)

مریضوں نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر نہیں کررہی، ہسپتال کے وارڈوں میں بدبو اور بیڈوں پر بچھنے والی چادریں گندی ہیں، جبکہ ہسپتال میں مریضوں کو ادویات بھی نہیں دی جارہی ہیں اورمہنگی ادویات نجی میڈیکل اسٹوروں سے منگوانے پر زوردیا جاتا ہے۔

داخل مریضوں نے یہ بھی بتایا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور جو ڈاکٹر ڈیوٹی پر موجود ہوں ان کی عدم توجہی کی وجہ سے شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔ مریضوں کا کہنا تھا کہ سول ہسپتال میں چند ایک سرجن اپنی پرائیوٹ کلینکوں پر آنے کا مشورہ دے کر یہاں پر چیک اپ نہیں کرتے ہیں، جس کے بعد ایڈیشنل سکریٹری نے اسپتال انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میڈیکل سپریٹنڈنٹ کو قبلہ درست کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سول ہسپتال میں مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں کیونکہ سکھر سول ہسپتال ضلع کا واحد بڑا اور سرکاری ہسپتال ہے اس ہسپتال میں سکھر سمیت گردونواح سے وہ مریض لائے جاتے ہیں جو اپنا علاج پرائیوٹ ہسپتالوں میں نہیں کرواسکتے۔

سرکاری ہسپتال میں بھی مریضوں کو علاج و معالجے کی بہتر سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی تو اس کا ذمہ دار سول ہسپتال انتظامیہ ہوگی۔ دریں اثناء ایڈیشل سکریٹری نے غلام محمد مہر میڈیکل کالج کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کام اور کالج کے ملازمین سے بھی ملاقاتیں کیں۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں