ٹنڈو الہ یار،ایم پی اے آفس پر چھاپے کے دوران متعدد کارکنان کی گرفتاریوں پر زونل انچارج و اراکین زونل کمیٹی کی شدید الفاظ میں مذمت

جمعرات 25 ستمبر 2014 16:40

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25ستمبر۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے رینجرز کی جانب سے اسکیم 33 کراچی میں واقع ایم پی اے آفس پر چھاپے کے دوران متعدد کارکنان پر تشدد اور انکی کی گرفتاری اوردفتر میں توڑ پھوڑ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ غیر قانونی چھاپوں کا مقصد ایم کیو ایم کی سندھ کے شہری علاقوں کی عوام کو انکے حقوق دلانے کی جدوجہد کو سبوتاژ کرنا ہے ۔

ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی سمیت پورے ملک میں قیام امن کے لئے کی جانے والی کوششوں پر اس کے کردار کو سراہے جانے کے بجائے غیر قانونی چھاپوں اور گرفتاریوں کے ذریعے پر امن کارکنان کے صبر کا امتحان لیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک جانب کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد سرکاری و نجی املاک پر حملوں سمیت بے دریغ ٹارگٹ کلنگ میں مکمل طور پر آزاد ہیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں، بے گناہ کارکنان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ، پی ٹی وی سمیت سرکاری عمارتوں پر حملے کرنے والوں کے ساتھ نرمی کار ویہ اور پر امن سیاسی سرگرمیاں انجام دینے والے ایم کیوایم کے کارکنان کی گرفتاریاں اور تشدد بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رویوں کے اس فرق سے نفرتیں اور بد گمانیاں جنم لیتی ہیں۔ اور نفرتوں کی پرورش سانحات کو جنم دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام قومیتیں ارباب اختیار کے یکساں سلوک کی مستحق ہیں۔ کسی بھی مخصوص قومیت کے ساتھ متعصبانہ طرز عمل پاکستان کی مجموعی سیاسی صورتحال کے تناظر میں کسی طور بھی نیک شگون نہیں ہے ۔ نوید احمد قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ا یم کیو ایم کے خلاف کی جانے والی متعصبانہ کاروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور گزشتہ شب گرفتار کئے جانے والے ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں