قائد تحریک الطاف حسین کی بے مثل جدوجہد کی بدولت ملک میں رائج فرسودہ سیاسی نظام کا خاتمہ یقینی ہو چکا ہے،نوید قائم خانی

پیر 13 اکتوبر 2014 16:11

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) قائد تحریک الطاف حسین کی بے مثل جدوجہد کی بدولت ملک میں رائج فرسودہ سیاسی نظام کا خاتمہ یقینی ہو چکا ہے ۔موروثی نظام کی بدولت چار سُو کرپشن اور اقرباء پروری کا بازار گرم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیوایم ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی نے میرواہ ناکہ کے مقام پر تحریکی پرچم کی پرچم کشائی کی تقریب میں موجود شرکاء سے خطاب کے دوران کیا ۔

اس موقع پر انکے ہمراہ اراکین زونل کمیٹی آفتاب عالم اور عطاء اللہ قائم خانی ، یونٹ ذمہ داران اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے فرسودہ سیاسی نظام کے خلاف علم ِ بغاوات بلند کرتے ہوئے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو اسمبلیوں میں عوام کا مقدمہ لڑنے کے لئے بھیجا۔

(جاری ہے)

ملک کی دیگر سیاسی جماعتیں بھی آج قائد تحریک الطاف حسین کے موقف کی تقلید کرتے ہوئے غریب اور متوسط طبقے کواختیارات فراہم کرنے کی باتیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کے نظریہ ء حقیقت پسندی اور عملیت پسندی میں عوام کے تمام تر مسائل کا حل پوشیدہ ہے ۔ گزشتہ 67سالوں کے دوران پیش آنے والے سانحات حقیقت پسندی سے کام نہ لینے اور عملیت پسندی پر کاربند نہ رہنے کے باعث پیش آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ موجود نظام کے ہوتے ہوئے انکے دیرینہ مسائل کا حل کسی طور ممکن نہیں۔ اور فرسودہ سیاسی نظام کے مکمل خاتمے کے ذریعے ہی ایک عام پاکستانی کی تمام تر پریشانیوں کو دور کیا جاسکتا ہے ۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں