نائن زیرو کے قریب سے تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کی گرفتاری پرزونل انچارج و اراکین زونل کمیٹی کا اظہار تشویش

بدھ 22 اکتوبر 2014 21:29

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈوالہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب سے تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کی گرفتاری پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ دہشت گردی اور مذہبی انتہاپسندی کے خلاف ایم کیو ایم کی جدوجہد ایک مسلمہ حیثیت رکھتی ہے ۔

ملک میں فرقہ وارانہ اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی خاطر ایم کیو ایم کے کارکنان نے اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات کے دوران تحریک طالبان پاکستان نے ایم کیو ایم کے خلاف دہشت گرد کاروائیوں کا آغاز کر کے حق پرست عوام کوخوفزدہ کرنے کی کوشش بھی کی ۔

(جاری ہے)

لیکن حق پرست عوام نے الیکشن کے دن حق پرست امیدواران کو بھاری تعداد میں ووٹ دے کر انتہا پسند قوتوں کو منہ توڑ جواب دیا ۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے آغاز کے ساتھ ہی قائد تحریک الطاف حسین نے افواج پاکستان کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ اور کراچی میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے تاریخ ساز جلسہ منعقد کر کے دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کی آواز کو یکجا کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان دہشت گرد رابطہ کمیٹی کے اراکین کو دھمکی آمیز خطوط اور بھتے کی پرچیاں بھیج کر انہیں ڈرانے کی ناکام کوشش پہلے بھی کر چکے ہیں۔

گزشتہ شام نائن زیرو کے قریب سے افغانستان سے تعلق رکھنے والے تحریک طالبان کی گرفتاری اور اسکے قبضے سے برآمد ہونے والا ، اسلحہ ، جہادی لٹریچر اور کرنسی بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین اور اراکین رابطہ کمیٹی کو دی جانے والی دھمکیوں کے پیش نظر رابطہ کمیٹی پاکستان بذریعہ پریس کانفرنس پہلے ہی نائن زیرو اطراف میں سیکیورٹی سخت کرنے کا مطالبہ کر چکی ہے ۔

لیکن وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے ایم کیو ایم کی اپیل کو نظر انداز کرنے کے باعث نائن زیرو کے اطراف سے طالبان دہشت گرد کی گرفتاری عمل میں آئی اور اسکا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے نائن زیرو اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی حصار تشکیل دیں۔وفاقی حکومت ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کو لاحق خطرات دور کرنے کے لئے حکومتی سطح پر برطانوی حکومت سے رابطہ کر ے اور انہیں فوری تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں