ٹنڈوالہ یار‘بم ڈسپوزل اسکواڈ کااہلکار بم ناکارہ بناتے ہوئے شدیدزخمی

بدھ 29 اکتوبر 2014 12:40

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 اکتوبر۔2014ء)ٹنڈوالہ یار تھانے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کا اہل کار دستی بم ناکارہ بناتے ہوئے شدید زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق 15 روز قبل منصور کالونی میں کچی شراب بنانے کی فیکٹری پر چھاپا مارا گیا تھا، جہاں سے 40 سے زائد دستی بم بھی برآمد ہوئے تھے، انسداد دہشت گردی کی عدالت سے اجازت ملنے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ تھانے کے خالی گراونڈ میں ان بموں کو ناکارہ بنارہا تھا کہ ایک بم پھٹنے سے سب انسپکٹر محمد سلیم زخمی ہوگیا، زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی سول اسپتال میں داخل زخمی اہلکار نے بتایا کہ وہ 20سال سے بم ڈسپوزل اسکواڈ عملے میں شامل ہے اور اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر مختلف اقسام کے دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بناتا ہے، زخمی اہلکار محمد سلیم نے شکوہ کیا، اس کے زخمی ہونے کے بعد کسی بھی سینئر پولیس اہلکار نے اب تک اس کی خیریت دریافت نہیں کی۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں